سرینگر//سی این ایس نیوز ایجنسی سے منسلک عملے نے سوموار کو سرینگر میں ادارے کے خلاف دائر ایف آئی آر کے خلاف پر امن احتجاج کیا ۔نیوز ایجنسی سے وابستہ عملے نے پریس کالونی سے گھنٹہ گھر تک احتجاجی جلوس نکالا۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر صحافیوں کو تنگ کرنا بند کرو،سی این ایس کو دھمکانا بند کرو ،کے نعرے درج تھے ۔ احتجاجی عملے نے حکام سے انہیں آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام دینے کی درخواست کی ۔اس موقع پر سی این ایس کے مدیر اعلیٰ رشید راہی نے بتایا’’آزاد صحافت جمہوری نظام کا ایک اہم اور مرکزی جزہے اور صحافی کے خلاف ایف آئی آر دائر کرناآزاد صحافت پر براہ راست حملہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 2دہائیوں سے سی این ایس نیوز ایجنسی فوج،پولیس،حکومت کے کئی محکموں اور ملی ٹینٹ تنظیموں کے پریس بیان شائع کر رہی ہیں اور پہلی بار ایک ملی ٹینٹ کے خط کو شائع کرنے کی پاداشت میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔راہی کا کہنا تھا کہ ریاست کے شورش زدہ ماحول میں ایک صحافی دو طرح کے بندقوں کے سائے میں اپنے فرائض انجام دے رہاہے اور ایسے حالات میں یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک بندوق کو خوش کرنے کے لئے دوسرے کو ناراض کیا جائے ۔انہوں نے کہا ہم غیر جانبدارانہ صحافت کے قائل ہیں اور ہمیں حق ہے کہ ہم معاشرے کے سبھی طبقوں کی ترجمانی کریں جبکہ گذشتہ 2برسوںکے دوران سی این ایس کے خلاف2ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں ۔راہی نے گورنر انتظامیہ سے درخواست کرتے ہوئے مذکورہ ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔معلوم رہے کہ پولیس سٹیشن کوٹھی باغ نے سی این ایس کے خلاف منان وانی کے مضموں کو شائع کر نے پر ایف آئی آر زیر نمبر62/2017درج کیا ہے۔