سرینگر//سول سیکرٹریٹ سرینگر میں سول ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے گورنر این این ووہرا نے سرینگر ہوائی اڈے پر شبانہ پروازوں کو شروع کرنے اور جموں ائیر پورٹ کے رن وے کو توسیع دینے کے معاملات کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں گورنر کے صلاحکار بی بی ویاس ، کے وجے کمار ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹری ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ڈپٹی کمشنر بڈگام اور ائیر فورس و ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ سرینگر ہوائی اڈے پر شبانہ پروازوں کی شروعات کے بارے میں گورنر کو بتایا گیا کہ انڈین ائیر فورس نے اس سلسلے میں ضروری اجازت دی ہے اور ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے رن وے پر لائٹ نصب کرنے کا کام حتمی مرحلے میں ہے ۔ گورنر نے سپیشل ڈی جی پی وی کے سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ شبانہ پروازوں کی شروعات کے پیش نظر ائیر پورٹ کی سیکورٹی کیلئے تعینات کئے جانے والے سیکورٹی اہلکاروں کی اقامتی سہولیات کی تعمیر کو 60 دن کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر کشمیر کو بھی ہدایت دی کہ وہ تمام سہولیات کی دستیابی کا کام 5 اگست 2018 تک مکمل کریں ۔ سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل ساہی نے کہا کہ ائیر پورٹ کی سیکورٹی کیلئے تعینات کئے جانے والے سیکورٹی اہلکاروں کو آر ٹی سی کیمپس ہمہامہ میں عارضی بنیادوں پر اقامتی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ گورنر کو بتایا گیا کہ سرینگر ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی خاطر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ہوائی اڈے پر اضافی مشینیں اور ساز و سامان نصب کیا جا رہا ہے ۔ گورنر نے شہری ہوا بازی کے کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ہمہامہ چوک سے ائیر پورٹ تک فلائی اوور کی تعمیر سے متعلق امکانات کا جائیزہ لے کر ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ تیار کریں ۔ میٹنگ میں ڈیژنل کمشنر جموں اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں ہوائی اڈے کے رن وے کو توسیع دینے کے معاملے کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے گورنر کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس کام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا ہے جس پر گورنر نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ صوبائی کمشنر جموں نے کہا کہ ائیر پورٹ کی حد بندی کے دیوار کے کام کو 15 ماہ کے بجائے 9 ماہ میں اور رن وے کو 24 کے بجائے 13 ماہ میں مکمل کیا جائے گا ۔ جموں ائیر پورٹ پر نئے ٹرمنل کی تعمیر کے تعلق سے گورنر نے صوبائی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں زمین کو فوری طور ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کو منتقل کریں ۔ ریاست میں مستقبل کی شہری ہوا بازی ضروریات کو پورا کرنے کے پیش نظر گرین فیلڈ ائیر پورٹ کے قیام کے تعلق سے گورنر نے شہری ہوا بازی کے کمشنر سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ مطلوبہ مقامات کی نشاندہی کریں ۔ گورنر نے منصوبہ بندی و شہری ہوا بازی کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کو تلقین کی کہ وہ اس سلسلے میں ماہانہ بنیادوں پر اپنی رپورٹ انہیں بھیجیں ۔