لکھنؤ//کانگریس اور دیگر مخالف جماعتوں پر بالواسطہ طور پر صنعت کاروں کے ساتھ دوہرا برتاؤ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے صنعت کاروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے سے انہیں یا ان کی حکومت کو کوئی گریز نہیں ہے ۔مسٹر مودی نے اتوار کو یہاں 60 ہزار کروڑ روپے کے صنعتی سرمایہ کاری کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کی حکومت صنعت کاروں کے ساتھ پردے کے پیچھے تعلق رکھتی تھی جبکہ عوامی طور پر ان سے ملنے سے گریز کرتی تھی۔ اس کے برعکس انہیں صنعت کاروں سے عوامی طور پر ملنے کے لئے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ جب نیت صاف ہو اور ارادہ مضبوط ہو تو میل جول سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا، ''جو الزام لگاتے ہیں، ان کے ارادے نیک نہیں ہیں اور وہ پردے کے پیچھے ملاقات کرتے ہیں۔ میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ملک کا کوئی صنعتکار ایسا نہیں ہوگا جس نے گزشتہ حکمرانوں کے دربار میں سر نہ جھکایاہو۔ یہاں پر موجود امر سنگھ سے بہتر کون جان سکتا ہے ۔ جس کی نیت صاف ہے ان کو کسی بھی شخص کے ساتھ تصویرکشی میں کوئی خوف نہیں ہوتا۔ مہاتما گاندھی کو برلا جی کے ساتھ کھڑے ہونے میں کبھی تذبذب نہیں ہوا اور وہ ان کے گھرجاکر رکتے تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعت کار ملک میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہیں چور لٹیرا کہنا ہندوستانی ثقافت کے خلاف ہے لیکن جو کوئی غلط کام کرے گا اسے ملک چھوڑنا پڑے گا یا جیل جانا پڑے گا۔ملک کے سواسو کروڑ لوگوں کواحترام کرنے آگے آنا ہوگا۔قبل ازیں مودی نے 60 ہزار کروڑ روپے کے 81 منصوبوں کی بنیاد رکھی۔ اس کامیابی کے لیے انہوں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور صنعتی ترقی کے وزیر ستیش مھانا سمیت صوبے کے تمام وزراء اور افسروں کو مبارکباد دی۔