سرینگر //ریاستی گورنر این این ووہرا نے شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی گورننگ باڈی از سر نو تشکیل دیکرسابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم ایس کھورو کو پھر سے گورننگ باڈی میں شامل کیا ہے۔ ڈائریکٹر سکمز صورہ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ گورننگ باڈی کی تشکیل ریاستی گورنر کی منظوری کے بعد دی گئی ہے۔ حکم نامہ زیر نمبر 63آف 2018بتاریخ 28جولائی کے مطابق ریاستی گورنر گورننگ باڈی کے چیئرمین جبکہ انکے تین ایڈوائزروں کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے۔ گورننگ باڈی میں ریاستی چیف سیکریٹری ، ڈائریکٹر ایمز نئی دلی ، سکمز کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم ایس کھورو،ڈاکٹر پنیت دھر، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، پرنسپل جی ایم سی جموں ، پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ شامل ہیںجبکہ ڈائریکٹر سکمز گورننگ باڈی کے ممبر سیکریٹری ہونگے۔ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ، ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری فائنانس ، اور ایڈمنسٹریٹو سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل یجوکیشن کو بطور صلاح کار شامل کیا گیا ہے۔گورنر این این ووہرا کے پرنسپل سیکریٹری، ڈین فیکلٹی سکمز اورڈپٹی سیکریٹری گورنمنٹ آف انڈیا بطور خصوصی مہمان گورننگ باڈی کی میٹنگوں میں شامل ہونگے۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے کہا کہ حکومت میں تبدیلی کے ساتھ ہی گورننگ باڈی میں بھی تبدیلی آتی ہے اور یہ ایک معمول کا عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا سربراہ ہی سکمز گورننگ باڈی کا سربراہ بھی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورننگ باڈی میں تبدیلی تمام ممبران کی آپسی رضامندی کے ساتھ ہوئی ہے۔