سرینگر//گورنراین این ووہرا نے شرائین بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او بھوپندر کمار کے ہمراہ ننون یاترا بیس کیمپ کا دورہ کیا۔گورنر نے کیمپ ڈائریکٹر سریندر موہن شرما، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ روزانہ یاتریوں کی تعداد میں کمی آنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔گورنر کو بتایا گیا کہ مرکبانوں اور پالی والوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنی خدمات واپس لے لی ہیں جبکہ بیس کیمپ میں قائم10 لنگر تنظیموں میں سے7 نے مرحلہ وار طریقے پر یاتریوں کی آمد میں کمی کی وجہ سے اپنے لنگر بند کردئے ہیں۔گورنر نے کہا کہ31 جولائی کے بعد تمام حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد موجودہ انتظامات میں معقولیت لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ حفاظتی عملے کے ساتھ پہلے ہی اُٹھایا گیا ہے۔کیمپ افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد گورنر نے یاتریوں کے لئے فراہم کی جارہی سہولیات بشمول کیمپ، میڈیکل ایڈ سینٹر، لنگر، دکانوں اور علاقہ میں قائم بیت الخلاؤں/ غسلخانوں کا بھی معائنہ کیا۔بعد میں گورنرنے300 کے ایل ڈی صلاحیت والے سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا۔ گورنر نے اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر اور سی ای او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ہمراہ سربل پہلگام میں گاربیج ڈمپ اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔ادھریاترا کے32 ویں روز 3131یاتریوں نے پوتر گھپا کے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک2,58,487 یاتری شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔