کپوارہ +شوپیان//سرحدی ضلع کپوارہ میں اپنی نوعیت کے پہلے واقعہ میں ممبر اسمبلی لولاب کے دورے کے دوران ڈیوٹی پر تعینات ایک پولیس اہلکار سے جنگجوئو ں نے رائفل چھین لی اور فرار ہونے میں کا میاب ہوگئے ۔ادھر رات گئے جنگجوئوں نے چلی پورہ اچھن پلوامہ میں فوجی کیمپ پر رائفل گرینیڈ داغے اور فائرنگ کی۔ منگل کو ممبر اسمبلی لولاب عبد الحق خان کا دورہ لولاب متوقع تھا اور اس دوران کلی گام لولاب کے کندھار علاقہ میں پولیس اہلکارو ں کو حفاظتی بندو بست کیلئے تعینات کیا گیا تھا ۔ اس دوران اچانک کندھا کے مقام پر چند نوجوان نمودار ہوئے اور انہوں نے آئی آر پی اہلکار محمد اسحاق بیلٹ نمبر 436 کو قابو میں کر کے زبردستی اس کی سروس رائفل چین لی اور فرار ہوئے ۔فرا ر ہوئے جنگجوئو ں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔اس دوران رات دیر گئے چلی پورہ اچھن پلوامہ میں قائم 44آر آر کیمپ پر جنگجوئوں نے حملہ کر کے رائفل گرینیڈ داغے اور بعد میں فائرنگ کی۔اس موقعہ پر فوجی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔تاہم واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔