کولگام +شوپیان// کیموہ کولگام میں نامعلوم نقاب پوش بندوق برداروں نے سٹیٹ بنک آف انڈیا کی مقامی شاخ پر دھاوا بول کر قر یب 5 لا کھ 48ہزار روپے کی رقم لوٹ لی۔ دن کے اڑھا ئی بجے کے قریب8نقاب پوش مسلح افراد نے اسٹیٹ بنک آ ف انڈیا کی شاخ پر دھاوا بول دیا اور بینک برانچ میں موجود صارفین اور ملازمین کو بندوق کی نوک پر یرغمال بناتے ہوئے برانچ میں موجود قر یب 5 لا کھ 48ہزار روپے کی رقم لیکر فرا ر ہوئے ۔نا معلوم مسلح افراد کی جانب سے بینک برانچ لوٹنے کی خبر ملتے ہی پولیس و فورسز کے اعلیٰ حکام جائے موقعہ پر پہنچ گئے،صورتحال کا جائزہ لیا،پولیس و فورسز نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی تاہم کسی کے گرفتار ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ادھرشوپیان کے چک چلند حرمین میں بدھ کی دوپہر قریباڈھائی بجے گولیوں کی آواز سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق فوج کی ایک گشتی پارٹی علاقے میں نمودار ہوئی اور اسکے بعد انہوں نے سیب کے بغیچوں کو محاصرے میں لیا۔محاصرے کے دوران قریب 15 راونڈ گولیوں کی آواز سنائی دی گئی جسکی وجہ سے مقامی لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔گولیوں کی آواز کے بعد کافی تعداد میں فورسز اہلکار علاقے میں داخل ہوئے اور جنگجوؤں کو تلاش کیا۔