نئی دلی // قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے صدر ہسپتال سرینگر سے لشکرطیبہ جنگجو نوید جٹ کے فرار ہونے کے معاملے پر 6افراد کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دیا ہے ۔قومی ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق پاکستانی جنگجو نوید جٹ کو چھوڑوانے کی سازش سنٹر جیل میں رچی گئی ۔یہ چارج شیٹ جموں کی خصوصی عدالت میں محمد ٹکا خان ، شکیل احمد بٹ ، سید تجمل الاسلام کرمانی اور محمد شفیع وانی کے خلاف دائرکیا گیا ہے ۔ ان سب کا تعلق کاکہ پورہ پلوامہ کے مختلف علاقوں سے ہے ۔نوید جاٹ کو 6فروری 2018کو علاج ومعالجہ کیلئے صدر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں اُس نے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے 2پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر کے فرار ہوگیا تھا ۔دوران تحقیقات یہ بات سامنے آئی کہ جنگجوکو چھوڑوانے کیلئے مجرمانہ سازش رچائی گئی تھی ۔تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے یہ سازش سنٹر جیل سرینگر میں میٹنگیں منعقد کر کے رچائی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ منصوبہ کے مطابق اس واقعہ سے قبل ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کی طرف جانے والے راستوں کا تفصیل سے پتہ لگایا تھا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے اس دوران گاڑیوں اور ہتھیاروں کا انتظام بھی کیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران 4افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ لشکر جنگجو نوید جاٹ عرف ابو ہنجولہ اور اسکا ساتھی راتھر فرار ہیں جن کے خلاف این آئی اے کی خصوصی عدالت نے بلا ضمانتی وارنٹ گرفتاری جاری کی ہے ۔