سرینگر//آئین ہند کی شق35اے چیلنج کرنے کیخلاف مزاحمتی قیادت کی ہڑتال کال کے بیچ تاجروں اور صنعت کاروں نے لالچوک میںاحتجاجی ریلی نکال کرگھنٹہ گھر کے قریب دھرنا دیا۔جبکہ شہرخاص ،گاندربل، ترال شوپیان، بارہمولہ،سوپور،گول اوربانہال میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران سنگباری اور ٹیر گیس شلنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔تاجروں، دکانداروں اور صنعت کاروں نے اتوار کے روز لالچوک میں ریلی برآمد کرتے ہوئے آئین ہند کی شق35اے کیساتھ چھیڑ چھاڑ کو نا قابل قبول قرار دیا۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچرس فیڈریشن،فیڈریشن آف چیمبر اینڈ انڈسٹریزکشمیر اور کشمیر اکنامک الائنس کے ایک دھڑے نے احتجاجی مارچ کیا،جس کے دوران بینر اور پلے کارڑ بھی اٹھائے گئے تھے،جن پر دفعہ35اے کی دفاع میں نعرے درج تھے۔احتجاجی مظاہرین ’’کے ٹی ایم ایف‘‘ صدر حاجی محمد یاسین خان کی قیادت میںدفعہ35اے کے حق میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس دوران انہوں نے لالچوک میں گھنٹہ گھر کے قریب احتجاجی دھرنا دیا،جس میں چیمبر کے محمد اشرف میر اور اکنامک الائنس کے محمد اقبال ترمبو ،لالچوک ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے صدر دین محمد متو اورمنظور احمد بٹ نے بھی شرکت کی۔محمد یاسین خان نے دعویٰ کیا کہ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچرس فیڈریشن کی طرف سے ہندوارہ،ترال،اسلام آباد(اننت ناگ) بارہمولہ،گاندربل ،پلوامہ اور شوپیاں میں بھی اسی طرح کے احتجاجی مظاہرے برآمد کئے گئے۔اس دوران صورہ میں نوجوانوں نے 35 اے کے دفاع میں احتجاجی جلوس برآمد کیا۔احتجاجی نوجوانوں نے بینراور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے، وہ نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔احتجاجی مطاہرین نے میڈیکل انسٹی چیوٹ کے متصل دھرنا بھی دیا اور کافی دیر تک وہاں جمع رہے۔جڈی بل میں نوجوانوں نے ٹائر جلا کر سڑکوں پرٹریفک کی آمدرفت کو بند کیا جبکہ ریڈیوں کو سڑکوں کے بیچ کھڑا کر کے ٹریفک میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔ شہر خاص کے نالہ مار کے اندرونی علاقوں میں معمولی سنگبازی کے واقعات رونما ہوئے اور پولیس نے سنگبازوں کو منتشر کرنے کیلئے اکا دکا ٹیر گیس کے گولے بھی داغے۔ادھر نوشہرہ نالہ بل پورہ میں نوجوانوں نے جلوس برآمد کیا،جبکہ فورسز اور پولیس کے ساتھ تصادم آرائی بھی ہوئی۔عالمگری بازار میں بھی نوجوانوں نے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ باز ی کی۔شہر سرینگر کے کرفلی محلہ ، رعنا واری، خانیار،آنچار،ڈلگیٹ ،بمنہ، ٹینگہ پورہ، پارم پورہ،نٹی پورہ، حیدرپورہ، نوہٹہ، صفاکدل، عیدگاہ، صورہ، مہاراج گنج، ریلوے برج وانہ بل وغیرہ میں نوجوانوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران انہوں نے فورسز پر سنگ باری کی تاہم فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی غرض سے ہلکا لاٹھی چارج کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا۔گاندربل سے ارشاد احمد کے مطابق بی ہامہ میں ٹریڈرس فیڈریشن گاندربل کے صدر غلام حسن پرہ کے زیر صدارت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کنگن،صفاپورہ،تولہ مولہ ،سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ٹریڈرس فیڈریشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے ریاست کی خصوصی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کو خارج کرنے کی مانگ کی ۔ترال سے سید اعجاز کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال میں ٹریڈ یونین ترال اور سیول سو سائٹی ترال نے اتوار کے صبح بس اسٹینڈ میں جمع ہو کر احتجاجی جلوس نکالا جس میںسیول سوسائٹی ممبران اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے بینر اور پلے کارڑ اٹھا کر نعرے بازی کر کے دھر نا دیا ہے۔ اس موقعہ پر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ محمد اشرف وانی نے بتایا آرٹیکل 35A کے ساتھ کبھی بھی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونے دیں گے ۔شمالی کشمیر کے سوپور میں تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔حاجی محمد اشرف گنائی کی قیادت میں برآمد ہونے والے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے بینر اور پلے کارر اٹھا رکھے تھے،جن پر35اے کے حق میں نعرے درج تھے۔شوپیان کے مضافات میں بھی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر ریاست کی خصوصی پوزیشن کے دفاع کے حق میں زور دار احتجاج کیا۔ نامہ نگار فیاض بخاری کے مطابق بارہمولہ میں ٹریڈرس، ٹیچرز فورم، بیوپار منڈل ، بار ایسو سی ایشن، سیول سوسائٹی، ٹرانسپورٹ یونین، ٹیچرز فورم، ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن اور ملازمین یونین نے مشترکہ طو رپرجوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی کے بینر تلے ایک احتجاجی جلوس نکالا جس دوران جلوس میں شامل افراد نے ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے سے نئی دہلی کو باز رہنے کا مشورہ دیا۔ ضلع کے دیگر مقامات سے بھی لوگوں نے پرامن جلوس نکالے۔