سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ایک وفد نے صدر جاوید احمد ٹینگہ کی قیادت میں ریاستی گورنر کے مشیر بی بی ویاس سے ملاقات کی،جس کے دوران سیلاب زدہ تاجروں کے ٹیکس سے متعلق معاملات اور ویٹ کے غیر تصفیہ شدہ ٹیکسوں کی چھوٹ کی طرف انکی توجہ مبذول کرائی گئی۔گورنر کے مشیر نے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سرکار اس معاملے سے با خبر ہے،اور اس کو حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ مشیر نے مزید بتایا کہ اگر14اگست تک کس وجہ سے یہ معاملہ حل نہیں ہوا،تو تاجروں و کاروباری برادری کی آسانی کیلئے ٹیکسوں کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں مزید توسیع کی جائے گی۔اس موقعہ پر سرینگر ماسٹر پلان مرتب کرنے کیلئے چیمبر کی تجاویز کو بھی شامل کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا،جس کے دوران بی بی ویاس نے کہا کہ موصولہ تجاویز کو معقول تقویت دی جائے گی،اور اس سلسلے میں عنقریب ہی ایک میٹنگ طلب کی جائے گی۔ جاوید احمد ٹینگہ نے بجٹ کے دوران اعلان کئے گئے واعدوں اور اسکیموں کو نہ عملانے کا معاملہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں،گیسٹ ہاوسوں اور ریستورانوں کو ہنوز بھاری برکم بجلی کی بلیں موصول ہو رہی ہے،جبکہ انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ انہیں صنعتی قیمتوں پر ادائیگی کرنی پڑے گی۔