عدن//یمن کے سادہ صوبے میں، جمعرات کو سعودی اتحادی افواج کے فضائی حملے میں بس میں سوار 40 سے زائد افراد ہلاک اور 63 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ یمن کے محکمہ صحت اور بین الاقوامی ریڈ کراس سوسائٹی نے یہ اطلاع دی۔ایران کے حامی حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے مغرب حامی اتحادی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان فضائی حملوں میں ان میزائل لانچروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جہاں ان کے خلاف حملوں کو انجام دیا جاتا تھا ۔حوثی کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ اتحادی افواج نے ایک بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں حملہ کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ انہیں انسانی زندگی کی پرواہ نہیں ہے ۔انٹرنیشنل ریڈ کراس سوسائٹی نے بتایا کہ 29 بچوں کی لاشوں کو ان کے ہسپتال میں لایا گیا ہے ، جن کی عمر 15 سال سے کم ہے ۔دریں اثنامحکمہ صحت کے اہلکار نے بتایا کہ جس بس کو نشانہ بنایا گیا تھا اس میں زیادہ تر اسکول کے بچے سوار تھے اور اسکولی بچوں سمیت 43 افراد جاں بحق اور 63 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔