کپوارہ//جگر پورہ اور کاواری میں یرقان کی بیماری پھو ٹ پڑنے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد 8سو تک پہنچ گئی جبکہ علاقہ میں مزید میڈیکل ٹیمو ں کو روانہ کیا گیا ہے ۔ ابتدائی طور پرمریضوں کی تعداد دو سو تھی تاہم ہفتہ کی شام تک محکمہ صحت کے مطابق 5سو مریض اس کی زد میں آچکے تھے ۔ جگر پورہ اور کاواری میں 3مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کر کے مر یضو ں کا علاج و معالجہ کیا جارہا ہے جبکہ سب ضلع اسپتال کپوارہ میں 4مریضوں کو علاج و معالجہ کے بعد رخصت کیا گیا ۔محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو مریضو ں کی تعداد 8سو تک پہنچ گئی ہے ۔اس حوالہ سے چیف میڈیکل آ فیسر کپوارہ ڈاکٹر پریہارسنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ جگر پورہ اور کارواری میں یر قان کی بیماری کو کسی حد تک کنٹرول کیا گیا تاہم علاقہ میں طبی اور نیم طبی عملہ کی ٹیمیں بدستور موجودہیں ۔دریں اثناء سیکریٹری پبلک ہیلتھ ،اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول فاروق احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ معاملے کے حوالے سے شکایت ملنے کے بعد علاقے میںتعینات جونیئر انجینئر اظہار الحق کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے جبکہ پوری چھان بین کے لئے چیف انجینئر آج علاقے میںجاکر معائنہ کریں گے ۔فاروق احمد شاہ نے کہا کہ بیماری پھوٹ پڑنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے اور اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 10روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔انکا کہنا تھا کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ پیرزادہ مظفر احمد اور سپر انٹنڈنٹ کریں گے۔