سرینگر//جے کے بنک نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کے تحت جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کوکو ڑا کرکٹ ڈھونے والی2گاڑیاں وقف کیں۔ جے کے بنک چیرمین و سی ای او پرویز احمد نے ان دونوں گاڑیوں کی چابیاں جے ڈی اے کے وائس چیئرمین پون راٹھور کو ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران سونپ دیں ۔اس موقعے پر ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما ،ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار ،ٹرانسپورٹ نگر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ممبران اوربنک کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جے کے بنک نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹ نگر ویلفیئرایسوسی ایشن کے اشتراک سے سوچھ بھارت مشن کے تحت ماحولیات اور آس پاس کو صاف و شفاف رکھنے کیلئے مہم شروع کی ہے اور اسی مہم کے تحت علاقے کی صفائی کی جارہی ہے۔اس موقعے پر ڈویژنل کمشنر جموں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے کے بنک ریاست کا ایک اہم ادارہ ہے ،جوسماج کی خدمت کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے ۔اس ادارے کی قیادت ایک متحرک اور صاحب بصیر ت سی ای او کے ہاتھوں میں ہے ،جو کہ نہ صرف مالیاتی خدمات میں مصروف ہیں بلکہ سماج کے مختلف طبقوں میں خود کو مہیا رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی ریاست و مرکزی حکومتو ں کے اقدامات کو عملانے میں بھی یہ ادارہ متحرک کردار ادا کررہا ہے ۔بنک کے پاس ایک انتہائی محنتی عملہ ہے جو کہ پیشہ ورانہ طریقوں سے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں اور ریاست کے اطراف و اکناف میں مشکل صورتحال کے باوجود اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے کہاکہ میں جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا شہر میں بنک کے اشتراک سے صفائی مہم شروع کرنے کی سراہنا کرتا ہوں ۔ہمارے مشترکہ اقدامات سوچھ بھارت مشن کے مقاصد حاصل کرنے میں نہایت ہی اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ٹرانسپورٹ نگر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران جے کے بنک چیئرمین نے خصوصی ٹرانسپورٹ فائنانس برانچ قائم کرنے کا اعلان کیا جہا ں سے ٹرانسپورٹروں کوآسان قرضے حاصل ہوںگے۔اس سلسلے میں جلد ہی ایک یاداشت مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے جس میں ٹرانسپورٹ ویلفیئرایسوسی ایشن کو ایک ترجیحی صارف کا درجہ دیا جائے گا۔ نیز انہیں انشورنس کے دائرے میں لایا جائے گا۔اس معاہدے کے تحت ٹرانسپورٹ ممبران کو ہوم لون اور ایجوکیشن لون بھی فراہم کئے جائیں گے ۔بنک علاقے میں قرضوں کی فراوانی کا حجم بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں جے ڈی اے این او سی اور رہن کے لئے اجازت نامے دے گا جس سے قرضوں کی فراہمی ممکن ہوگی۔وائس چیئرمین جے ڈی اے پون راٹھور اور ایسوسی ایشن ممبران نے جے کے بنک کے اقدامات پر بنک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔