کیرل//کیرالہ میں سیلاب اور لینڈ سلائڈ سے مرنے والوں کی تعداد 370 تک پہنچ گئی ہے۔ شدید بارش ، لینڈ سلائڈ اور سیلاب سے7 لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ادھر مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کوچی ائیر پورٹ پر فلائٹ کی آمدورفت ہفتہ تک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کوچی کی فلائٹ رد ہونے کی وجہ سے خلیجی ممالک میں رہنیو الے کیرالہ کے کئی شہری وہاں ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ادھر ریاست میں حالیہ دہائیوں میں تاریخ کے بدترین طوفان کے بعد ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیوں کے لئے فوج طلب کرلی گئی ہے۔سیاحوں کے لئے پرکشش مقام ریاست کیرالہ میں شہریوں کی بڑی تعداد چھتوں پر موجود ہے جنھیں ہیلی کاپٹرز کے زریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کیرالا کے سبھی دریا، ندی اور نالے بپھر گئے ہیں اور سیلابی ریلے تباہی و بربادی پھیلاتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔کئی شہروں، قصبوں اور دیہات میں چھتوں پر بیٹھے ہوئے بیگھر لوگ امداد کے منتظر ہیں۔ دریں اثناء صدر رام ناتھ کووند نے کیرالہ کے گورنر پی سداشیوم اور وزیر اعلی پنارائي وجین سے ریاست میں سیلاب کی صورتحال کی معلومات حاصل کی ۔مسٹر کووند نے کیرالہ کے عوام کو یقین دلایا کہ بحران کی اس گھڑی میں پورا ملک ان کے ساتھ ہے ۔ زبردست بارش اور سیلاب کی تباہی سے جدو جہد کررہے کیرلا کو ہر طرف سے مدد مل رہی ہے۔ ریاست کے لئے لوگ بڑے سطح پر پیسے جمع کرکے عطیہ کررہے ہیں۔ وہیں کچھ لوگ ہیں جو راحت رسانی پیک کرکے کیرلا بھیج رہے ہیں۔ ان سب میں آن لائن پیمنٹ پورٹل (پے ٹی ایم) کے مالک شکھر شرما بھی شامل ہیں۔انہوں نے کیرلا میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 10 ہزار روپئے عطیہ کئے۔ بے حد کم عمر میں پیسہ اور شہرت کمانے والے شرما کی اس مدد کو لوگوں نے بے حد ’معمولی‘ بتاتے ہوئے تنقید کی۔ وجے شیکھر نے جمعہ کو ایک اسکرین شاٹ ٹوئٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ انہوں نے کیرلا کے لوگوں کی مدد کرنے کے لئے دس ہزار روپئے عطیہ کئے ہیں۔پے ٹی ایم کے مالک وجے شیکھر نے کیرلا سیلاب متاثرین کے لئے 10 ہزار روپئے کا عطیہ کیا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پے ٹی ایم ایپ کے ذریعہ ڈونیٹ کریں۔ حالانکہ تنقید کے بعد وجے شیکھر شرما نے اپنا ٹوئٹ ہٹا لیا۔ گزشتہ 48 گھنٹے میں پے ٹی ایم کے ذریعہ تقریباً 10 کروڑ روپئے اکٹھا کئے ہیں۔ وجے شیکھر شرما نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ ٹوئٹ اس لئے کیا تاکہ اور لوگ ان سے نصیحت لے سکیں۔ وجے شیکھر شرما کی طرف سے دس ہزار روپئے کا عطیہ کرنے پر ٹوئٹر پر لوگوں نے ان کی تنقید کی۔