لاہور/ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔اپنے ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعظم کے حلف لینے کا اانتظار کر رہا تھا۔اپنے استعفے میں انہوں نے پی سی بی اور پاکستان کرکٹ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعظم عمران خان بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ہیں اور اگر وہ اپنے کسی شخص کو پی سی بی میں لانا چاہتے ہیں تو مجھے اشارہ کردیں میں استعفیٰ دے دوں گا۔انہوں نے کہا تھا کہ نیا چیئرمین مقرر کرنا، پیٹرن ان چیف کا استحقاق ہے۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا آپ عمران خان کے آنے کے بعد چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے تو انہوں نے انتہائی محتاط انداز میں کہا تھا کہ 'میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی ذات کی خاطر عدم استحکام اور انتشار سے دوچار نہیں کرنا چاہتا، اگر مجھے عمران خان یا ان کے کسی بھی مشیر کی جانب سے یہ اشارہ مل گیا کہ وہ مجھے چیئرمین کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہتے اور اپنا آدمی لانا چاہتے ہیں تو میں از خود پاکستان کرکٹ بورڈ کو خیر باد کہہ کر گھر چلا جاؤں گا'۔