کشتواڑ//24گھنٹے کے دوران ضلع کشتواڑ میں رونما ہوئے دوسرے سڑک حادثہ میں ایک کمسن بچی سمیت 13افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ یہ حادثہ منگل کی صبح ساڑھے سات بجے اس وقت پیش آیا جب ایک ایکو گاڑی JK17 3594 مچیل یاترا پر آئے زائرین کو لے کر پاڈر سے کشتواڑکی طرف آ رہی تھی کہ قصبہ سے 20کلو میٹر دور نسو گلاب گڑھ کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر قریب ایک ہزار فٹ تک لڑھکنے کے بعد دریائے چناب میں جا گری۔ 7مسافروں کی صلاحیت والی اس گاڑی میں 13افراد سوار تھے جو سب کے سب لقمہ اجل بن گئے۔حادثہ کی خبر پھیلتے ہی کافی تعداد میں مقامی لوگ، ریڈ کراس رضا کار، پولیس اور فوجی اہلکار جائے حادثہ پر جا پہنچے اور متاثرین کو سڑک پر لایا گیا۔ 12افراد موقعہ پر ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ایک پانچ سالہ بچی کو ضلع ہسپتال کشتواڑ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جموں میڈیکل کالج ریفر کیا گیا تاہم دوران منتقلی وہ بھی چل بسی اور مہلوکین کی تعداد 13ہوگئی جن کی شناخت دیو راج اور کیول سنگھ پسران دھنی رام ، صنم دختر کیول سنگھ، سشما دیوی دختر کیول سنگھ ، بشما دیوی دختر دھنی رام ، سدیشا دیوی زوجہ دیو راج، بدری ناتھ ولد نین سنگھ، سفیدہ دیوی زوجہ بدری ناتھ ساکنان گوہا مرمت ڈوڈہ،بہادر سنگھ ولد بھیما ساکن ملان ڈوڈہ، پشپا دیوی زوجہ بہادر ، جیوتی دیوی دختر کیول سنگھ کے علاوہ دانش ولد محمود شیخ اور ابو اللہ ولد سجاد حسین ساکنان بھنڈارنہ کشتواڑ کے طور پر کی گئی ہے ۔ گورنر این این ووہرا نے اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ گورنر نے خطہ چناب میں آئے روز رونما ہونے والے حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹیوں کے اجلاس طلب کر کے حادثات کی روکتھام کیلئے لائحہ عمل طے کریں ۔ گورنرنے آئندہ ہفتہ کو متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کیا ہے تا کہ حادثات کی وجوہات اور ان کے سد باب کے اقدامات پرغور و خوض کیا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بھی کشتواڑ ڈوڈہ روڈ پر کلگاڑی کے قریب مچیل یاترا پر جانے والی دو گاڑیاں چٹانوں کی زد میں آ گئی تھیں جس کے نتیجہ میں 7افراد ہلاک جب کہ 12دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔