ٹنگمرگ// ٹنگمرگ کی مضافاتی بستی زنڈہ پال میں جمعرات کی شام 9بجے کے قریب اس وقت سنسنی پھیل گئی جب نماز عشاء میں مصروف محکمہ جنگلات کے ایک ملازم پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے گولیاں چلا کر اسے جاں بحق کیا گیا۔پولیس نے اس واقعے میں لشکر طیبہ کو ملوث قرارد یا ہے تاہم لشکر طیبہ نے اس قتل کا الزام پولیس پر عائد کیا ہے۔طارق احمد ملک ولد ثناء اللہ ملک عمر 42 سال اپنی رہائش گاہ کے باورچی خانے میں نماز عشاء ادا کرنے میں مصروف تھا جب نامعلوم بندوق برداروں نے کھڑکی کا شیشہ توڑا اور مذکورہ شخص پرگولیاں چلا کر فرار ہوئے ۔افراد خانہ کے مطابق جس وقت طارق پر گولیاں چلائی گئی ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ عید کے سلسلے میں باہر شاید بچے پٹاخے سر کر رہے ہیں تاہم اسی اثنا ء میں طارق گرگیا اور ساتھ ہی بارو چی خانے میں خون پھیل گیا جس پر گھر میں موجود دیگر افراد خانہ چیخ پکار کی۔اس واقعے پے فورا بعدمقامی لوگ وہاں جمع ہوئے جنھوںنے فوری طور خون میں لت پت طارق احمد کو سب ڈسٹرک اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیکر لاش کا پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس کے حوالے کی۔ اس دران پولیس نے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد آخری رسومات کی خاطر لواحقین کے حوالے کی ۔ جمعہ کی صبح 10 بجے طارق احمد ملک کا نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں فلک شگاف نعرے بازی کے بیچ اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔ طارق احمد ملک کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ تین بیٹوں اور دو بیٹیوں کے علاوہ اہلیہ کو سوگوار چھوڑ کر چلا گیا ہے ادھر کل رات ہی بارہ مولہ پولیس نے ٹویٹ کے زریعے طارق احمد ملک کی ہلاکت کے لیے لشکر طیبہ کو زمہ دار ٹھہرایاہے ۔تاہم لشکر طیبہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرکرے اس واقعے کا الزام پولیس پر عائد کیا ہے۔ لشکر طیبہ کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ غزنوی نے اپنے بیان میں کنزر ٹنگمرگ میں عام شہری طارق احمدکو گولی مار کر جان بحق کئے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔اپنے بیان میں لشکر ترجمان نے کہاہے کہ ان کی تنظیم کااس قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ طارق احمد کو عین اس وقت جاں بحق کرنا جب وہ نماز میں اپنے رب سے ہم کلام ہو ،درندگی کی بدترین مثال ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی دہشتگردانہ کاررائیاں کرکے پولیس اپنے کرتوت عوام سے چھپا نا چاہتی ہے ۔بیان کے مطابق مودی سرکار اپنے تمام حربوں میں ناکام ہوچکی ہے ۔ان کی آخری کوشش یہ ہی کہ پروان چڑھتی اس تحریک آزادی کی بنیاد عوام کو ان کے بیٹوں کے خلاف کھڑا کردے مگر اب ایسا ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا اور عوام کا اعتماد ہمالیہ سے بھی بلند ہے اوربھارتی ہمیں تسخیر نہیں کرسکتا۔