سری نگر/ /ہاوس بوٹوں سے خار ج ہونے والے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے اور جھیل ڈل اور نگین کے پانی کامعیار بہتر بنانے کے سلسلے میں محکمہ سیاحت ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کررہا ہے جس کے ذریعے ہاوس بوٹ مالکان کو بائیو ڈائجسٹر ٹینک فراہم کرنے کے عمل کی شروعات ہوگی۔اس سلسلے میں سیاحت کے سیکرٹری ریگزن سمپفل کل ریاست کے دورے پر آئی ہوئی ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم کے ساتھ کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے تجاویز پر تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈی آر ڈی او کی ٹیم سری نگر دورے پر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی رپورٹ کے تمام پہلوئوں کو مطالعہ کرنے کے لئے آئی ہے ۔ان کے رپورٹ کی بنیاد پر ہاوس بوٹ مالکان کو بائیو ڈائجسٹر ٹیکنالوجی نصب کرنے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ ناظم محکمہ سیاحت کشمیر تصدق جیلانی نے میٹنگ میں بتایا کہ 900ہاوس بوٹ محکمہ کے ساتھ رجسٹر کئے گئے ہیں جن سے خارج ہونے والے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے کے لئے ماحول دوست اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔