سرینگر//ٹریول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیر ، ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف کشمیر اورایڈونچر ٹور آپریٹرس آف کشمیر کے وفود نے گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کے ساتھ ملاقات کی اور کشمیر میں سیاحتی صنعت کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری مداخلت طلب کی۔وفود کی سربراہی اشفاق صدیق ڈگہ ، میر انور اور روف ترمبو کر رہے تھے۔انہوں نے کئی معاملات مشیر کی نوٹس میں لائے جن میں ہوٹلوں ، گیسٹ ہاوسوں اور ٹریول ایجنسیوں کی رجسٹریشن میں معقولیت لانا، کشمیر سے متعلق منفی تاثر کو دور کرنا ، پبلسٹی بجٹ میں اضافہ کرنے کے علاوہ وادی میں ایڈونچر سیاحت کو بڑھاواد ینے جیسے معاملات شامل ہیں۔وفودنے مطالبہ کیا کہ حکومت کو بیرون ریاست اور بیرون ملک ٹریول مارٹ ، روڑ اور کلچرل شوزکا انعقاد کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو یہاں کی جانب راغب کرایا جاسکے۔مشیر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت وسیع تشہیر کے لئے ٹور آپریٹروں ، معروف شخصیات ، فلم سٹار اور دیگر متعلقین کو دعوت دینے سے متعلق ایک منصوبہ مرتب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر سیکریٹری اور ناظم سیاحت کے ساتھ ملک بھر کے مختلف مقامات کا دورہ کر کے وہاں ٹریول مارٹس اور کنونشنوں کے دوران لوگوں کے ساتھ بات کریں گے اور انہیں یقین دلائیں گے کہ کشمیر ایک محفوظ اور پُر امن جگہ ہے تاکہ سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکے۔