نئی دہلی// وزیر مملکت داخلہ کرن رجیجو نے ماؤنوازوں سے تعلق رکھنے کے الزام میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پر کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے رخ کی آج تیکھی تنقید کی اور انہیں قومی سلامتی کو سیاست سے اوپر رکھنے کا مشورہ دیا۔ مسٹر رجیجو نے ٹویٹ کر کے کہا '' ڈاکٹر منموہن سنگھ جب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے ماؤنواز کو ہندوستان کی داخلی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ بتایا تھا۔ اب کانگریس کے صدر ماؤنواز کے تئیں ہمدردی ظاہر کررہے ہیں اور ان کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں''۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے میں سیاست نہیں کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے سخت رخ اپناتے ہوئے کہا ''قومی سلامتی کو سیاست سے اوپر رکھیں''۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتار کے سلسلے میں مسٹر گاندھی نے حکومت پر سخت تنقید کی تھی۔ غور طلب ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے منگل کو رانچی، گوا، ممبئی، دہلی اور حیدرآباد میں چھاپے مارکر ماؤنواز سے تعلق ہونے کے الزام میں ماؤنواز نظریے کے تیلگو شاعر ورورا راؤ، ایڈووکیٹ سدھا بھاردواج، ارون فریرا، گوتم نولکھا اور وی گونجالویز کو گرفتار کیا تھا۔ ان پانچ انسانی حقوق کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف رومیلا تھاپر، پربھات پٹنائک، ستیش دیش پانڈے ، مایا درنال اور ایک اور شخص نے عرضیاں دائر کی ہیں۔یو این آئی