نئی دہلی// سپریم کورٹ نے پانچ انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری کے معاملے میں بدھ کو مہاراشٹر حکومت سے جواب طلب کیا اور اگلے حکم تک تمام ملزمان کو نظربند رکھنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ نے پانچوں ملزمان سدھا بھاردواج، گوتم نولکھا، ارون فریرا، وی گونجالویز اور پی ورورا راؤ کی ٹرانزٹ ریمانڈ پر روک لگاتے ہوئے انہیں اگلے حکم تک گھر میں نظر بند رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ کورٹ نے مؤرخ رومیلا تھاپر، دیوکي جین، پربھات پٹنائک، ستیش دیش پانڈے اور ماجہ داروالا کی ایک مشترکہ درخواست کی فوری سماعت کرتے ہوئے مہاراشٹر حکومت کو نوٹس جاری کر کے اگلے بدھ (پانچ ستمبر) تک جوابی حلف نامہ دائر کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے اگلی سماعت کے لئے 6 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔