بانڈی پورہ // حاجن بانڈی پورہ میںخونین تصادم آرائی کے دوران لشکرطیبہ سے وابستہ2جنگجوجاں بحق ہوگئے۔ جمعرات علی الصبح ضلع بانڈی پورہ کے حساس قصبہ حاجن میں جنگجوئوں کے موجودہونے کی مصدقہ اطلاع ملتے ہی فوج ،فورسزاورایس ائوجی اہلکاروں نے پرہ محلہ حاجن کوچاروں اطراف سے محاصرے میں لے لیا۔ ایک مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے محاصرہ توڑکرفرارہونے کی کوشش کے تحت سیکورٹی اہلکاروں پرگولی باری شروع کردی ۔ایس ایس پی بانڈی پورہ شیخ ذوالفقارآزادنے بتایاکہ جنگجوئوں کی فائرنگ کے بعدسیکورٹی اہلکاروں نے بھی اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئیے۔انہوں نے کہاکہ طرفین کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے دوران ایک جنگجوماراگیا۔ گولی باری کے دوران ایک جنگجو ایک اورمکان میں چھپ گیاتاہم اُسکے خلاف بھی آپریشن عمل میں لایا گیا۔اس دوران مکان کو اڑادیا گیا جہاں سے بعد میں مذکورہ جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ جس مکان کو اڑایا گیا وہ سابق سرکاری بندوق بردار کمانڈر رشید بلا کا تھا جسے گذشتہ برس جنگجوئوں کو گھر میں گھس کر ہلاک کیا تھا۔بتایاجاتاہے کہ جنگجومخالف کارروائی کے دوران علاقہ میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تاہم مظاہرین کوپولیس وفورسزنے منتشرکردیا۔ادھر پولیس ترجمان نے سری نگرمیں جاری کردہ بیان میں حاجن معرکہ آرائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ جمعرات علی الصبح فوج ،فورسزاورپولیس اہلکاروں نے حاجن قصبہ کی پرہ محلہ بستی کومحاصرے میں لیکرجنگجومخالف آپریشن شروع کیا۔ترجمان نے کہاکہ محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں نے فرارہونے کی کوشش کے تحت اندھادھندفائرنگ کردی تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے اسکافوری جواب دیاجسکے نتیجے میں طرفین کے درمیان ایک خونین معرکہ آرائی شروع ہوئی ۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ جھڑپ کے دوران 2جنگجومارے گئے جن کی نعشوں کودومقامات سے برآمدکیاگیا۔انہوں نے کہاکہ جائے جھڑپ سے کچھ رائفلیں ،گولیاں ،اقابل اعتراض سامان بھی ضبط کیاگیا۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ مارے گئے جنگجوئوں کاتعلق ممنوعہ تنظیم لشکرطیبہ سے تھاجبکہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت رضوان عرف جندال اورعلی عرف ماذساکنان پاکستان کے بطورہوئی ۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ مارے گئے دونوں جنگجوکئی فورسزتنصیبات پرحملوں اورشہری زیادتیوں کے واقعات میں بھی ملوث تھے ۔