جموں//عام طور پر یہی تصور کیا جاتا ہے کہ گورنر ایک آئینی عہدہ پر فائز ہوتا ہے لیکن بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینا کا ماننا ہے کہ ریاست کے نئے گونر ستیہ پال ملک ’ان کا آدمی ہے ‘۔ رینا ، جو کہ نوشہرہ سے ممبر اسمبلی بھی ہیں ، کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوا ہے جس میں وہ ببانگ دہل نئے گورنر کو بی جے پی کاآدمی قرار دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں حلقہ انتخاب جموں پونچھ سے ممبر پارلیمنٹ جگل کشور کے ساتھ بات کرتے ہوئے رویندر رینا کہہ رہے ہیں ’’ہم نہیں چاہتے تھے کہ ووہراگورنر رہے ، وہ اپنی ہی ڈفلی بجاتا تھا۔ اب جو نیا گورنر آیا ہے وہ ہمارآدمی ہے‘‘۔گورنر این این ووہرہ کے بارے میں بھاجپا ریاستی صدر فرماتے ہیں کہ ووہرا اچھا ایڈمنسٹریٹر نہیں تھا کیوں کہ وہ عام آدمی اور ملازمین جو عرصہ سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجا ج کر رہے ہیں، کے مسائل کی ان دیکھی کر رہا تھا ‘۔’’ووہرا نے عام آدمی کے مسائل کی طرف کبھی توجہ نہیں دی ، میرے لئے وہ عوام دوست منتظم نہیں تھا‘‘۔