بانڈی پورہ // بانڈی پورہ کے بالائی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں 2فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ بالائی پہاڑی جنگلاتی علاقہ چھانہ دجی اوردنابہک کا پچھلے ایک ہفتے سے 27 آر آر نے تلاشی کارروائی کا مرکز بنایا ہوا ہے۔جمعہ کی صبح فوج کی ایک پارٹی نے اس علاقہ میں دوبارہ داخل ہو کر ہوا میں کچھ فائر کئے جس کے بعد گولیوں کا تبادلہ ہوا جو کچھ منٹوں تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ دوسری طرف جنگجو نہیں بلکہ فوج کا ہی دوسرا گروپ تھا۔معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ میں3اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ شیخ ذوالفقار آزاد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس کو علاقے میں فائرنگ ہونے کی اطلاع ملی ہے اور پولیس پارٹی وہاں بھیج دی گئی ہے۔فوج کے ایک آفیسر نے کہا کہ وہ معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔