نئی دہلی//سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے کہ ان کی تنظیم ’’پرنب مکھرجی فاونڈیشن‘‘ ہریانہ میں آرایس ایس کے ساتھ مل کر کوئی کام کرنے جارہی ہے۔ اسے لے کر پرنب مکھرجی کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا ہے۔بیان کے مطابق پرنب مکھرجی دو ستمبر کو ہریانہ حکومت کی دعوت پر گڑگاوں جارہے ہیں۔ وہ گزشتہ دو سالوں میں ’اسمارٹ گرام پروجیکٹ‘ کے تحت شروع کی گئی اسکیموں کا افتتاح کریں گے، لیکن وہ آرایس ایس کے ساتھ مل کر کوئی کام نہیں کرے گی۔بیان میں کہا گیا ہے ’’میڈیا میں کچھ ایسی خبریں آئی ہیں کہ پرنب مکھرجی فاونڈیشن (پی ایم ایف) ہریانہ میں آرایس ایس کے ساتھ تعاون کرسکتی ہے۔ یہاں ہم واضح طور پر یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے اور نہ ہی ہونے والا ہے‘‘۔بیان میں آگے کہا گیا ہے ’’ہریانہ میں اسمارٹ گرام پروجیکٹ جولائی 2016 میں شروع ہوئی۔ صدر جمہوریہ رہتے ہوئے پرنب مکھرجی نے کچھ گاووں کو گود لیا تھا۔ ایسے میں وہ دو ستمبر 2018 کو ہریانہ حکومت کی دعوت پر اس دوران شروع کی ہوئی اسکیموں کا افتتاح کرنے کے لئے گڑگاوں جارہے ہیں۔ اس موقع پر ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو اس سال جون میں راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کی سالانہ تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، ان کے اس پروگرام میں جانے کے بعد سیاسی طوفان کھڑا ہوگیا تھا۔