بانڈی پورہ// بانڈی پورہ کے گھنے جنگلات میں ایک ہفتے تک وسیع آپریشن کے دوران سنیچر کو خونریز تصادم آرائی میں 3جنگجو اور ایک فوجی اہلکار مارے گئے۔واضح رہے کہ جمعہ کو اسی علاقے میں فوج کے 3اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ضلع صدر مقام کے بالائی پہاڑی جنگلاتی علاقے چھانہ دجی اوردنابہک کا پچھلے ایک ہفتے سے 27 آر آر نے تلاشی کارروائی کا مرکز بنایا تھا۔جمعہ کی صبح فوج کی ایک پارٹی نے اس علاقہ میں دوبارہ داخل ہو کر ہوا میں کچھ فائر کئے جس کے بعد گولیوں کا تبادلہ ہوا جو کچھ منٹوں تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ دوسری طرف جنگجو نہیں بلکہ فوج کا ہی دوسرا گروپ تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں3اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے اس بارے میں کہا تھا کہ انہیں مصدقہ طور پر کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔سنیچر کی سہ پہر علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران پہلی بار فوج اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا ہوا۔فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ جنگجوئوں کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لیا گیا جس کے بعد طرفین کے درمیان خون ریز تصادم آرائی ہوئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 عدم شناخت جنگجو کو مارا گیا ۔فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا۔اس جنگلاتی علاقے میں فوج رات بھرجنگجوؤں کو کھوجنے کے لئے روشن گولے داغتی رہی ۔تین جنگجوئوں اور فوجی اہلکار کی ہلاکتوں کے بارے میں پولیس نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تفصیلات جمع کررہی ہے اور کچھ بھی وثوق کیساتھ نہیں کہہ سکتی۔