سرینگر//پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کو ریاست کی ترقی اور بہتری کیلئے ایک زینہ قرار دیتے ہوئے گورنر ست پال ملک نے کہا ہے کہ یہ الیکشن ہند و پاک کیلئے نہیں بلکہ ریاست کی بہتری کیلئے ہیں۔بینکنگ کی نئی سہولیات متعارف کرنے کے ایک حصے کے طور پر ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ تقریب کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ریاستی گورنر نے کہا’’ ہمارے سلامتی کے اقدامات بہتر ہیں،اور متفکر ہونے کی ضرورت نہیں،ہم تمام کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے‘‘۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے وادی میں صورتحال معقول ہے، تو گورنر نے کہا’’ معقول صورتحال کا انحصار لوگوں پر ہے،یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ صورتحال کو بہتر اور معقول بنائے،کیونکہ انہیں ان انتخابات سے فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں شرکت کریں،کیونکہ یہ لوگوں اور ریاست کی بہتری کیلئے ہیں۔ست پال ملک نے کہا’’ فاروق عبداللہ کی بات نے میری حوصلہ افزائی کی،وہی صرف ایسی باتیں کر سکتے ہیں،جس پر دوسرے لوگ خاموشی اختیار کرتے ہیں،اور کوئی بھی وہ بات نہیں کرسکتا،جو فاروق عبداللہ نے آئندہ انتخابات کے بارے میں کہی‘۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ انتخابات نہ ہی ہند و پاک کیلئے ہیں اور نہ ہی مسئلہ کشمیر کو حل کریں گے،یہ آپ کو با اختیار بنائیں گے اور مسائل کو حل کریں گے۔ ریاستی گورنر نے مزید کہا’’ جو کوئی بھی منتخب ہونگے وہ ترقیاتی کاموں پر رقومات کو خرچ کریں گے اور وہ آپ کے سامنے جوابدہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا ووٹ نہ ہی راج بھون کیلئے ہیں اور نہ ہی وزیر اعظم دفتر کیلئے،بلکہ یہ ان لوگوں کیلئے ہے،جنہیںعام لوگوں منتخب کرینگے۔اس سے قبل گورنر ستیہ پال ملک نے ایس کے آئی سی سی میں جے اینڈ کے پوسٹل سرکل کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب پر انڈیا پوسٹ پے منٹس بنک(آئی پی پی بی) کو متعارف کیا۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بینکنگ نیٹ ورک کو متعارف کرنے سے بھارت کی پوسٹل سروس نے ایک اور سنگ میل طے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹر نیٹ اور دیگر ٹیکنالوجی کو متعارف کئے جانے کے باوجود ڈاکخانوں کی اہمیت آج کی تاریخ میں بھی برقرار ہے اور اس کو دیہی علاقوں میں رابطہ کا بنیادی جز مانا جاتا ہے۔ انہوں نے پوسٹ محکمہ کی جانب سے ملک بھر میں یہ سہولت متعارف کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دیہی اقتصادیات کو فروغ حاصل ہوگا۔گورنر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں جموں، کٹھوعہ، اودہمپور، راجوری، سرینگر، اننت ناگ، بارہ مولہ اور لیہہ میں انڈیا پوسٹ پے منٹ بنک کی8 شاخیں قائم کی جائیں گی اور یہ تمام شاخیں فوری طور کام کرنا شروع کریں گی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اُمید ظاہر کی کہ اس فلاحی سکیم کو زمینی سطح پر موثر بنانے سے دیہی اقتصادی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقعہ پر گورنر کے مشیر بی بی ویاس، سابق ریاستی وزیر اور ایم ایل اے آسیہ نقاش، کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد، سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر احمد، ڈائریکٹر جنرل امپا لوکیش دت جھا،گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا، کمشنر سیکرٹری قبائلی امور آر کے بھگت، کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنائت اللہ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، سیکرٹری خوراک و امور صارفی ڈاکٹر عبدالرشید، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل جے اینڈ کے سرکل پی ڈی چھرینگ،چیئرمین جے اینڈ کے بنک مشتاق احمد اور دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں۔