اسلام آباد//وزیراعظم عمران خان سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک ہفتے میں تیسری مرتبہ ملاقات کی۔آرمی چیف اور عمران خان کے درمیان یہ ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔اطلاعات کے مطابق وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 30 اگست کو عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِاعظم عمران خان کا جی ایچ کیو آمد کے موقع پر استقبال کیا تھا۔وزیرِاعظم کو ان کے دورے کے دوران ملکی سیکیورٹی، دفاع اور دیگر اہم امور پر بریفنگ دی گئی تھی۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 'پاک فوج دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی‘۔یاد رہے کہ 27 اگست کو وزیرِاعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی باضابطہ ملاقات کی تھی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اس ملاقات میں خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات میں وزیرِاعظم اور آرمی چیف نے ملاقات کے دوران ملک میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔