نئی دہلی// فوج میں سوشل میڈیا کے استعمال پر چل رہی بحث کے درمیان آرمی چیف جنرل راوت نے کہا کہ تبدیل ہوتے حالات میں فوج کو سوشل میڈیا سے محروم نہیں کیا جاسکتا بلکہ فوج کو اسے دشمن کے خلاف ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا ہوگا۔ 'سوشل میڈیا اور مسلح افواج' موضوع پر منگل کو یہاں منعقد سیمنا ر سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راوت نے کہاکہ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے اور افواج کو اس سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ دشمن بھی نفسیاتی جنگ کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتا ہے تو ہمیں بھی اسے دشمن کے خلاف ہتھیار بنانا ہوگا۔ سوشل میڈیا کا فائدہ اٹھانے کے طریقے اپنانے ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ جوانوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھا جائے ۔ انہو ں نے سوالیہ انداز میں کہاکہ کیا یہ ممکن ہے ، ایسا کیا جاسکتا ہے ، جو انوں کو اسمارٹ فون سے محروم کیا جاسکتا ہے ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب اسے روکا نہیں جاسکتا تو اسے استعمال کرنے کے طریقے بتائے جانے چاہئیں اور اس کا فائدہ اٹھایا جانا چاہئے ۔جوانوں کو بیدار کرنا ہوگا کہ اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کا استعمال کس طرح کیا جانا ہے ۔ جنرل راوت نے کہاکہ موجودہ دور کی لڑائی میں 'اطلاعاتی جنگ' اہم ہے ۔ اب آرٹی فیشیل انٹلی جنس کی بات چل رہی ہے ۔ اگر ہمیں اس کا فائدہ اٹھانا ہے تو ہمیں سوشل میڈ یا کے میدان میں اترنا ہی ہوگا۔ پراکسی جنگ اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال ضروری بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج نے سوشل میڈیا کے بارے میں تحقیق کی ہے اور پتہ چلا ہے کہ سوشل میڈیا فوج کا اٹوٹ حصہ بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے جوانوں کو سوشل میڈیا کے بارے میں بیدار بنانے اور اس کے استعمال کے بارے میں بتانے کے لئے اپنی ایک ایپ 'ارمان' بھی بنائی ہے ۔یو این آئی