پلوامہ//پلوامہ میں جنگجوئوں نے فوج کی مردم شماری پارٹی پر حملہ کیا ،جس کے دوران گولیوں کے تبادلے میں ایک غیر ریاستی مزدورہلاک ہوا۔لاسی پورہ انڈسٹرئیل ائریا سے چار کلو میٹر دور حاجی ڈار پورہ میں بدھ کی صبح50آر آرسے وابستہ اہلکار بستی میں مردم شماری کررہے تھے جس کے دوران جنگجوئوں نے ان پر حملہ کردیا۔ فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان کچھ منٹ تک گولیوں کا زور دار تبادلہ ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجو فائرنگ کے دوران ہی فرار ہوئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں نزدیک ہی ایک اینٹ بٹھ پر کام کررہا مزدور 17سالہ ارجن کمارساکن بریلی اتر پریش شدید زخمی ہوا جس کو فوری طور پہلے پلوامہ اور بعد میںسرینگر منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔فائرنگ کیساتھ ہی فوج نے پورے علاقے کو گھیرے میںلیا اور تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں فائرنگ کی وجہ سے زبردست خوف دہشت کا ماحول پیدا ہوا ۔ ایس ایس پی پلوامہ چندن کوہلی نے بتایا کہ فوج اور جنگجوئوں کے درمیان مختصر تبادلے میں اینٹ بٹھ میں کام کررہا مزدور زخمی ہونے کے بعد چل بسا۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور جنگجوئوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔