پاکستان کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ باہمت پاکستانی قوم آج یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے سے منایا۔6 ستمبر ’یوم دفاعِ و شہدا پاکستان‘ کے موقع پر مادر وطن کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔دن کے آغاز پر مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، جس میں گیریڑن کمانڈر نے شرکت کی اور مزار پر پھول چڑھائے، اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ تبدیلی کے فرائض بھی انجام دیے۔کراچی میں بھی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل ندیم صابر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈز کی تبدیلی کے فرائض انجام دیے گئے۔یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور میں بھی یوم دفاع کی مناسبت سے تقاریب منعقد ہوئیں۔مرکزی دارالحکومت اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹر میں یوم دفاع و شہدا کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیول چیف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں شہدا کی بے مثال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کراچی میں ملیر کینٹ اور بیس مسرور میں یوم دفاع کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مسلح افواج کے جوانوں نے اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔