نئی دہلی: نائب صدروینکیا نائیدو نے جمعہ کو کہا کہ آج ہندی سوشل میڈیا اورمواصلاتی ذرائع کی اہم زبان بن گئی ہے، لیکن اسے علاقائی زبانوں کے ساتھ روزی روٹی سے جوڑ نے کی سمت میں کوشش کرنے کی ضرورت ہے کیوںکہ غیرملکی زبان کے بھروسے کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔نائیڈو نے یہاں وگیان بھون میں 'ہندی دیوس' تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں دنیا کی سب سے بہتر معیشتوں میں سے ایک بننے کا امکان ہے اورتمام اہل وطن کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے اورملک کی ترقی میں تعاون دینے کیلئے صحیح سمت میں اپنے علم، ہنراورتوانائی کا استعمال کرنا ہوگا۔ایسا ہندی اورملک کی دیگرزبانوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے ہی ممکن ہے کیوںکہ کوئی بھی ملک غیر ملکی زبان کے بھروسے پر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی زبان میں درست تعلیم، سائنس اوراسکل حاصل کرکے عظیم الشان نوجوان آبادی کو قومی اثاثہ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔نائب صدر وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ ہندی اورعلاقائی زبانوں کو لوگوں کی روزی روٹی سے جوڑا جائے، یعنی اپنی زبانوں کے مطالعہ سے لوگوں کو روزگار کے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں۔