قدم قدم پہ یہ طوفان اٹھا ہے میرے لئے 
	ہوا کا زور بھی لیکن رُکا ہے میرے لئے 
	فریب حسن کا کتنا بڑا طلسم ہے 
	پرانی آنکھ ہے منظر نیا ہے میرے لئے 
	کہیں پہ پیاس تڑپتی رہی میری خاطر 
	کہیں پہ اُبر برستا رہا ہے میرے لئے 
	تمام لوگ ہوئے شہر کے مرے دشمن 
	کروں نہ فکر ترا در کھلا ہے میرے لئے 
	یہ کس نے خار بچھائے ہیں اس چمن میں مرے 
	یہاں کا پھول بھی زنجیر پا ہے میرے لئے 
	ہر ایک ناگ جدائی کا مجھ سے لپٹا تھا 
	کسی کا قرب  تڑپتا رہا ہے میرے لئے 
	نہ دوستی ہے کسی سے نہ دشمنی عادلؔ
	محبتوں کا تقاضا جدا ہے میرے لئے 
	اشرف عادلؔ 
	کشمیر یونیورسٹی حضرت بل سرینگر 
	رابطہ ۔۔9906540315
	جب اُڑانوں کے موسم گزر جائیں گے
	پھر یہ غافل پرندے کِدھر جائیں گے
	ریت ہی ریت رہ جائیگی دوُر تک
	تیز دریا تو چڑھ کے اُتر جائیں گے
	کوئی بھی تو نہیں جانتا شہر میں
	چل پڑے ہیں مگر کس کے گھر جائیں گے
	ٹوٹ جائے گا جب سائبانِ فلک
	سارے موسم ہوا میں بکھر جائیں گے
	کُوبہ کُو ہم کو ڈھونڈیں گے اہلِ جہاں
	ہم ہوا کی طرح جب گُزرجائیں گے
	کے ڈی مینی
	پونچھ،موبائل نمبر؛8493881999
	فقیرِ عشق بھی اپنی انوکھی شان رکھتا ہے
	درِ خستہ سے باہر ہی کھڑے سُلطان رکھتا ہے
	وہ اپنی سمت ہر اک مرحلہ آسان رکھتا ہے
	مِری خاطر مگر ہر گام پر طوفان رکھتا ہے
	مرے اندر نہ جانے کون ہے بہتر کوئی مجھ سے
	جو اپنے کارناموں سے مجھے حیران رکھتا ہے
	اسی خاطر میں اس کے دل میں داخل ہو نہیں پایا
	درِ دل پہ وہ اڑیل سا کوئی دربان رکھتا ہے
	شکست و فتح کی بازی عجب ہے مجھ میں اور اُس میں
	جہاں میں دل کو رکھتا ہوں وہاں ارمان رکھتا ہوں
	بہت بہتر ہے مجھ سے آرسیؔ بے جاں کھلونا اک
	کوئی حالات ہوں چہرے پہ اک مسکان رکھتا ہے
	دیپک آرسیؔ
	203/A، جانی پور کالونی، جموں-180007
	رابطہ؛ 9858667006
	کھیل سارا رہا مقدر کا 
	کوئی شکوہ نہیں ستمگر کا
	یہ کہاں پر اٹک گیا ہوں میں
	جو نہ اندر کا ہوں نہ باہر کا
	دشت و صحرا تھما دئے کتنے
	ایک دھوکا رہا سمندر کا
	میری گردن بھی کاٹ دی جائے 
	میں بھی شاہد ہوں خونی منظر کا
	میں تھا آئینہ اب ہوا معلوم
	میں ہوں ممنون تیرے پتھر کا
	کچھ اسے فائدہ ہوا کہ نہیں 
	جس نے سودا کیا مرے سرکا
	خواہشِ انبساط جاگی تھی 
	درد ملتا رہا جہاں بھر کا
	ڈاکٹر احمد منظور
	چندسومہ بارہمولہ ،9622677725 
	مجھ سے دُورنہ ہرگزجانا
	شام پڑے گھر واپس آنا 
	اِس سے دُوریاں مِٹ جائیں گی 
	لگارہے یہ آنا جانا
	ہم اب جِس میں بندھ گئے ہیں
	کبھی نہ ٹوٹے یہ یارانا 
	چلے ہوتو پھرکب آئوگے 
	اِتنامجھے بتاتے جانا
	میری بس اِتنی ہے گُذارش 
	میرے اِس دِل میں بس جانا
	میرا یہی اثاثہ ٹھہرا
	میرادِل نہ کبھی ٹھکرانا 
	اپنے ہتاشؔ کورکھنادِل میں
	اِسے کسی صو‘رت نہ بھُلانا 
	پیارے ہتاشؔ
	دور درشن لین جموں
	موبائل نمبر؛8493853607
	میں ہر اک شعر میں خود سے مخاطب ہوں!
	بتاؤ تم ہی  میں کس کے مناسب  ہوں؟
	وہ غالبؔ، جونؔ، سرؔ اقبال، رومیؔ ہیں
	میں جن کو مانتا اپنا مُصاحب ہوں!
	پیا میرے! حسابِ غم بھی رکھنا تم!
	میں شاعر ہوں، مگر تیرا محاسب ہوں
	یہاں سے آرہی ہے خلد کی خوشبو
	ارے ساقی! میں کس بستی کی جانب ہوں؟
	گراکر وقت نے زخمی کیا مجھ کو!
	میں بسمل، اب کسی مرہم کا طالب ہوں
	کسے دوگے بھلا آکر اذیّت  تم؟
	ہو کیا تم بے خبر میں گھر سے غائب ہوں؟
	غزل کچھ اس طرح سے اب لکھو شاہیؔ
	کہ  جاناں کو  لگے اسکا  مناقب  ہوں
	شاہیؔ شہباز 
	وشہ بُک پلوامہ کشمیر
	رابطہ؛7889899025
	مت چھیڑ دلوں کے تار جگر
	یہ عشق تو ہے بے کار جگر
	رکھ کچل کے ان جذبات کو اب
	کر اپنا کاروبار جگر
	تم جس کو عشق سمجھتے ہو
	وہ خنجر کی ہے دھار جگر
	یہ عشق تو اکثر ڈوبا ہے
	کر کشتی اس کی پار جگر
	اس عشق کے صحرا میں دیکھے
	سب مجنوں ہیں لاچار جگر
	گر عشق کیا تو دیکھو گے
	تم چین و سکوں بے زار جگر
	یہ عشق کی بازی مشکل ہے
	اس میں ہے اکثر ہار جگر
	یہ عشق ہے کیسا روگ بُرا
	نہیں بچتا ہے بیمار جگر
	اس عشق میں سر بھی جاتا ہے
	مٹ جاتا ہے گھر بار جگر
	یہ میٹھے زہر سے ڈستا ہے
	یہ عشق مُوا شہمار جگر
	چل چھوڑ فلک ؔجی یہ گلیاں
	یہ عشق بڑا بے عار جگر
	فلکؔ ریاض
	حسینی کالونی چھتر گام موبائل نمبر۔9596414645