نئی دہلی//صحت کے مرکزی وزیرمملکت اشونی چوبے نے کہا کہ ملک میں تیزی سے بڑھتے کینسر کے پیش نظر اس کی روک تھام کیلئے عوامی بیداری پھیلانے اور روک تھام کے لئے احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر دن اوسطاََ 1300سے زائد لوگ اس خوفناک بیماری کا شکار ہورہے ہیں۔مسٹر چوبے نے آج یہاں گرامین اسنیہ فاونڈیشن کی طرف سے کینسر کے بارے میں بیداری کے لئے منعقدہ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ پروگرام میں مشہور اداکارہ اور اس فاونڈیشن کی عوامی بیداری کی سفیرمنیشا کوئرالہ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمان منوج تیواری، کانگریس کے رکن پارلیمان راجیو شکل، صحت سکریٹری پریتی سودان اور کئی کینسر ماہرین بھی موجود تھے ۔فاونڈیشن کے بیان کے مطابق مسٹر چوبے نے کہاکہ ہندستانی طبی تحقیق کونسل کی رپورٹ کے مطابق 2020تک کینسر کے معاملات میں 25فیصد اضافہ کااندیشہ ہے ۔ ہر برس کینسر کے دس لاکھ نئے معاملات کو نپٹایا جارہا ہے اور 2035تک ہر برس کینسر کی وجہ سے مرنے والے لوگوں کی تعداد 12 لاکھ تک بڑھ جانے کا اندیشہ ہے لیکن فکر کی بات نہیں کیونکہ تین گنا معاملات میں روک تھام سے مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔مسٹر چوبے نے کہاکہ اس کی روک تھام کیلئے کینسر کے بارے میں بیداری پھیلانے اور جلدی پتہ لگانے کی ضرورت ہے ۔صحت سکریٹری پریتی سودان نے بھی کہاکہ آیوشمان بھارت پروگرام میں بھی ہم کینسر کے مریضوں پر توجہ مرکوز کررہے ہیں اور اب پرائمری ہیلتھ سنٹروں کو بھی مضبوط بنایا جارہا ہے ۔ کینیسر ، ذیابیطس، ہائپر ٹینشن جیسی بیماریوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے تاکہ ان امراض کی روک تھام ہوسکے ۔کینسر سے جنگ جیتنے والی اداکارہ منیشا کوئرالہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ طرز زندگی پر توجہ دی جانی چاہئے اور پلاسٹک اور فاسٹ فوڈ کا استعمال نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایک مثبت نقطہ نظر کا ہونا ضروری ہے ۔ خواتین کو اس بیماری سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔رکن پارلیمنٹ راجیو شکل اور منوج تیواری نے اس بیماری کی روک تھام کے لئے شہری کمیونٹی کو جوڑنے کی اپیل کی تاکہ سماج میں بیداری مہم چلائی جاسکے ۔پروگرام میں 'مائنڈ باڈی اینڈ سول' میگزین کا اجرا بھی کیا گیا اور کینسر ماہرین نے بھی خیالات پیش کئے اور کینسر سے بچنے والے لوگوں نے اپنی کہانیاں بھی سنائیں۔یو این آئی