جموں//ہندوستان نے سرحد پار سے ہونے والی در اندازی سے نمٹنے کیلئے اسرائیلی تکنیک کو بروئے کار لاتے ہوئے سرحدوں پر الیکٹرونک باڑھ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلہ میں جموں کے پاکستان کے بین الاقوامی سرحد پر 10کلو میٹر طویل ایسی ’سمارٹ فینسنگ ‘کا پیر کے روز مرکزی وزیر داخلہ نے افتتاح کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ’آج ملک کیلئے خاص دن ہے جب ہم سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ میں جب اسرائیل گیا تو مجھے اس تکنیک سے روبرو کروایا گیا ، ہم نے اسے اپنانے کا فیصلہ کر لیا‘۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں جموں کی بین الاقوامی سرحد پر پانچ پانچ کلو میٹر کے دو ٹکڑے تعمیر کئے گئے ہیں،جب کہ آسام بنگلہ دیش سرحد پر 60کلو میٹر باڑھ اسی برس مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور بنگلہ دیشن کے ساتھ 2226کلو میٹر سرحد حساس ہے جہاں یہ سمارٹ فینسنگ کی جائے گی اس سے ہمارے جوانوں پر نفسیاتی دبائو کم ہو جائے گااور جونہی یہ باڑھ مکمل ہو جاتی ہے کہ دبائو کی وجہ سے فورسز اہلکاروں کی طرف سے کی جانے والی خود کشی کی وارداتوں میں بھی کمی آنے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہا ’پہلے ہمارے جوانوں کو وہاں پر موجود رہنا پڑتا تھا،چاہے کتنی ہی طرح کی پریشانیاں کیوں نہ ہو،دھند ہو، اندھیرا ہو، طوفان آجائے، پھر بھی ہمارے جوان کو سرحد پر موجود رہنا پڑتا تھا اور پیٹرولنگ کرنی پڑتی تھی۔ انہوں نے کہا ’جسمانی گشت کافی حد تک کم ہوگی، اس پروجیکٹ کی کارکردگی مانیٹرنگ کی جائے گی اوراس سسٹم میں مزید بہتری لائی جائے گی‘۔