راجوری //محکمہ صحت و خاندانی بہبود کو راجوری پونچھ میں روبیلا و خسرہ مخالف مہم چلانے میں مشکلات کاسامناہے کیونکہ سماج کے کچھ حلقوں کی طرف سے اس پر اعتراض جتایاگیاہے اور یہ افواہ پھیل چکی ہے کہ اس ویکسین کے نتیجے میں نامردی ہوجائے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ پورے ملک کی طرح راجوری پونچھ میں بھی حکام نے ویکسین کو شرو ع کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں جس کے تحت نو ماہ سے لیکر پندرہ برس تک کے تمام بچوں کو ویکسین دی جائے گی ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس حوالے سے جانکاری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں اور ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں تاکہ لوگوں کو اس مہم میں شریک کیاجاسکے ۔تاہم سماج کے کچھ حلقوں کی طرف اس ویکسین کے حوالے سے اعتراضات سامنے آئے ہیں اور یہ افواہیں پھیلائی گئی ہیں کہ اس ویکسین کو استعمال کرنے سے نامردی یعنی مردانہ طاقت نہیں رہے گی۔محکمہ صحت کے ایک افسر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پراس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ یہ مسئلہ راجوری اور پونچھ دونوں اضلاع میں سامنے آیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ سماج کے ایک حلقے کی طرف سے یہ اعتراض سامنے آرہے ہیں کہ یہ ویکسین اس لئے دی جارہی ہے تاکہ چالیس سال کے بعد مردانہ طاقت ختم ہوجائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ اعتراضات نہ صرف فیلڈ عملے بلکہ بلاک میڈیکل افسران اور یہاں تک کہ ضلع سطح پر بھی موصول ہورہے ہیں ۔انہوں نے ایک مخصوص واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ پونچھ میں محکمہ کی ایک ٹیم سکول گئی تاکہ طلباء کے والدین کو اس ویکسین کے بارے میں بیدار کیاجاسکے تاہم بیشتر والدین نے اس پر شدید اعتراض کیا اور یہ جواز پیش کیاکہ اس کے نتیجہ میں نامردی ہوجائے گی ۔رابطہ کرنے پر ڈپٹی چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر شمیم بھٹی نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ کو کچھ مشکلات کاسامناہے کیونکہ کچھ لوگوں کی طرف سے اس پر اعتراض کھڑے کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ پوری مستعدی کے ساتھ بیداری مہم چلارہے ہیں اور لوگوں کواس کے بارے میں بیدا رکیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ابتدائی اعتراضات کے بعد لوگوں کی طرف سے انہیں تعاون مل رہاہے ۔چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سریش گپتا نے بھی درپیش مشکلات کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ راجوری کے کالاکوٹ ، موگلہ اور دیگر علاقوں میں ایسی مشکلات کاسامناہے ۔انہوں نے کہاکہ بہت کم لوگ اس پر اعتراض کررہے ہیں لیکن ان کی طرف سے تیزی سے افواہیںپھیلائی جارہی ہیں تاہم محکمہ کی طرف سے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ افواہیں بے بنیاد ہیں ۔ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے کہاکہ انہوں نے محکمہ صحت کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں کہ معاملے کاقریب سے معائنہ کیاجائے ۔