رام بن //ضلع کے کرول علاقہ کے مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈراں کے ہمراہ اپنے علاقہ میں ضلع انتظامیہ کی
جانب سے مکانات، دوکانوں اورکاروباری اداروں کو منہدم کرنے کی اجازت دینے کے خلاف جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا ۔جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک میں روکاوٹ ڈالنے سے قبل کرول کے مکینوں نے زیر قیادت کانگریس لیڈر ایڈوکیٹ ارون سنگھ راجو نے بتایا کہ کنٹریکٹ کمپنی اور ضلع انتظامیہ نے انکے رہائشی مکانات ،دوکانوں اور کاروباری اداروں کو بغیر اجرا کئے ہوئے کسی نوٹس اور ڈھانچوں کے فائنل معاوضہ کے غیر قانونی طور سے منہدم کر دیا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے سڑک کے دونوں اطراف بیٹھ کر اپنا احتجاج درج کیا، جسکی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کچھ وقت کے لئے مسدود ہو گئی۔لوگوں کا مبینہ الزام ہے کہ منہدم کی کاروائی سرکار کی جانب سے منظور کی ہوئی باز آباد کاری پالیسی پر غور رکنے کے بغیر ہی عمل میں لائی گئی ہے۔مظاہرین کا مزید یہ کہنا ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے انہدامی مہم کو روکنے کی گُذارش کی ہے لیکن بد قسمتی سے ضلع انتظامیہ کے بعض ماتحت افسراں نے مبینہ طور سے کنٹریکٹر کمپنیوں کے ساتھ اپنے مفاد خصوصی کیلئے ڈی سی کے ہدایات کی عدولی کی ہے۔مظاہرین کا یہ بھی مبینہ الزام ہے کہ بعض مکانات مقفل ہیں کیونکہ انکے مکین ریاست سے باہر یاترا کے لئے گئے ہیں لیکن انتظامیہ نے ان مکانات کو بھی منہدم کیا ہے۔مظاہرہ کی وجہ سے جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہی۔بعدازاں ،ضلع افسران اور پولیس نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ تب تک منہدم کی کاروائی کو التوا میں رکھا جائے گا جب تک کہ یہ معامہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل نہیں کیا جا تا ہے۔.