سرینگر//حضرت نظام الدین کیانویؒبابا نگری وانگت کنگن کے سجادہ نشین میاں بشیر احمد لاوری نے یوم عاشورہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی شہادت کا یہ سانحہ عظیم اپنے دامن میں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے اعلیٰ کردار و عمل کی بے شمار مثالیں سمیٹے ہوئے ہے۔ حضرت امام حسین ؓ نے اس بے مثال قربانی کے ذریعے حق و صداقت کی جو شمع روشن کی وہ مسلمانان عالم کے دلوں میں تاابد روشن رہے گی۔انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام ؓ نے دنیا کو دکھا دیا کہ صبر کی قوت،تسلیم و رضا کی کیفیت،ایمان کی حرارت موجود ہو اور احکام الٰہی کی عملی شہادت پیش کرنا مقصود ہو تو فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ’’ہمارے لئے یوم عاشور کا سب سے اہم اور ہمیشہ یاد رکھا جانے والا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے امت مسلمہ کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ناکام بنا دیں‘‘۔
امام حسینؓ عالم انسانیت کی بقا ء کیلئے مشعل راہ: مولانا ہمدانی
سرینگر//مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام عالی مقامؓ نے آنحضورؐکے مقدس مشن کو تاقیامت زندہ رکھنے کیلئے لڑا وہ پوری عالم انسانیت کی بقا ء کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عدل وانصاف ، مساوات اور انسانیت کے عظیم اصولوں خاصکر دین اسلام کی خاطر جو عظیم شہادت حضرت امام عالی مقامؑ نے کربلا میں پیش کی ،انسانیت رہتی دنیا تک اُس پر عش عش کرتی رہے گی۔