سرینگر //سرینگر کے حبک علاقے میں سڑک کی خستہ حالت سے مقامی لوگ سخت پریشان ہیں۔ حبک کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سال 2014کے تباہ کن سیلاب کے دوران پانی جمع ہونے کی وجہ سے سڑکوں کا میگڈم خراب ہوگیا تھا جسکی وجہ سے سڑک میںبڑے بڑے کھڈ پیدا ہوگئے مگر4 سال کا عرصہ گزر جانے کے بائوجود بھی سڑکوں کو ٹھیک نہیں کیا گیا ہے۔ میرک شاہ کالونی حبک رہنے والے علی محمد نے بتایا کہ بارشوں کے دوران سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کررہی ہیں جسکی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت پریشانی ہورہی ہے۔انہوںنے بتایا کہ حبک سڑک سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں اور سڑک خستہ ہونے کی وجہ سے کبھی بھی بڑا حادثہ ہوسکتا ہے۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ خستہ حال سڑک کو ٹھیک کرنے کیلئے ضروری ہدایت دیں تاکہ مقامی لوگوں کو پریشانی سے راحت نصیب ہو۔