۔2 روز میں ہلکی بارش ہوگی:محکمہ موسمیات
سری نگر//صوبائی انتظامیہ نے موسم سے متعلق ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ریاست کے بالائی علاقوں میں درمیانہ درجہ سے شدید بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے ۔تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں اگلے دو روز کے دوران ہلکی بارش ہوسکتی ہے البتہ لداخ خطے میں بھاری بارشیں اور برفباری کا امکان ہے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر صوبے میں کئی مقامات پر شدید بارش جبکہ جموں صوبے میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ چھینٹے پڑنے کا امکان ہے جبکہ اگلے 48گھنٹوں کے دوران لداخ خطے میں چند ایک مقامات پر درمیانہ درجے سے بھاری بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے جموں قاضی گنڈ سیکشن پر ٹریفک کی آمد رفت میں خلل پڑسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیہہ منالی سڑک پر بھی برفباری ہونے کے امکانات ہیں جس سے یہ سڑک عارضی طور پر بند ہوسکتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زوجیلہ درے پر بھی ہلکی برفباری کے امکانات ہیں۔اسی طرح کشمیر صوبے بشمول لیہہ اور کرگل کے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں احتیاطی تدابیر اُٹھائیں۔محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لداخ میں اگلے 2 روز تک پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے جبکہ جموں میں گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشیں ہو سکتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کشمیر وادی میں اگلے دو روز تک پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ درجے کی بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔