کپوارہ +گاندربل+بارہمولہ+اننت ناگ//میونسپل کمیٹیوں بارہمولہ کپوارہ ، ہندوارہ اور گاندربل کے انتخابات کیلئے کل ملا کر177امیدواروں نے نامزدگی کے فارم داخل کئے ہیں۔ تاہم لنگیٹ میونسپل کمیٹی کے چنائو کے لئے کسی نے بھی نامزدگی فارم داخل نہیں کیا۔بارہمولہ میونسپل کونسل کے 21وارڑوں کیلئے 40افراد نے نامزدگی فارم داخل کئے۔ان میں سے 21 کانگریس،13بی جے پی اور6آزاد امیدوار شامل ہیں۔ ان میں سے 12 خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں جو مخصوص نشستوں پر چنائو لڑیں گی۔بانڈی پورہ میونسپل کمیٹی کے 17وارڑوں کیلئے 48 امیدواروں نے فارم بھر دیئے۔ان میں سے کانگریس کے 17، بھاجپا کے 17اور آزاد امیدوار 14ہیں۔شمالی کشمیر کے کپوارہ اور ہندوارہ میونسپل کمیٹیوں کیلئے 72امیدوار میدان میں آگئے ہیں۔ان میں سے42کپوارہ کے اور29ہندوارہ کے امیدوار شامل ہیں۔ نامزدگی فارم داخل کرنے کے آخری روزسرکاری اعداد و شمار کے مطابق کپوارہ کے وارڈ 1سے6تک 19امیدوارو ںنے نامزدگی فارم داخل کئے۔وارڈ 7سے13تک 23امیدوارو ں نے نامزدگی فارم داخل کئے اور کل ملا کر42نامزدگی فارم داخل کئے گئے۔ان میں بی جے پی6 ،کانگریس کے8 اور29 آزاد امید وار شامل ہیں ۔ان میں خواتین امیدواربھی شامل ہیں۔ہندوارہ میونسپل انتخابات کے لئے کل ملا کر 30نامزدگی فارم داخل کئے گئے جن میں وارڈ 1سے 6تک 15جبکہ 7سے13وارڈ وں کے لئے 14نامزدگی فارم حاصل کئے گئے۔ ان میں 9خواتین امیدوار بھی شامل ہیں ۔اس میں 22آزاد امیدوار،7بی جے پی اور ایک کانگریس امیدوار شامل ہیں۔لنگیٹ میونسپل چنائو کے لئے نامزدگی فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ تک کسی بھی امید وار نے نامزدگی فارم داخل نہیںکیا ۔ادھرمیونسپل کمیٹی گاندربل کے انتخابات کے سلسلے میں 17 امیدواروں نے فارم حاصل کئے۔گاندربل میونسپل کمیٹی کے 17 وارڑ وںکے لئے 24 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کی گئی تھی۔فارم واپس بھرنے کی آخری تاریخ پہلی ا کتوبر مقرر کی گئی ہے۔میونسپل کمیٹی کے حدود میں 17 وارڑ آتے ہیں جن کے لئے 16 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور 20 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔منگل کو 17 افراد نے فارم حاصل کئے ہیں۔
جنوبی کشمیر
جنوبی کشمیر میں 50امید وار سامنے آئے ہیں ۔بیشتر وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سامنے نہیں آیا ہے جبکہ کئی مقامات پر صرف ایک ہی امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نامزدگی فارم بھرنے کی آخری تاریخ آج یعنی بدھ مقرر ہے اور ان اعداد و شمار میں کسی اضافے کی امید نہیں کی جارہی ہے۔کولگام ضلع کی4میونسپل کمیٹیوں کولگام و دیوسر میں پہلے مرحلے کے تحت ووٹنگ ہوگی ۔ کولگام میونسپل کمیٹی کے 13وارڈمیں صرف6امیدوار مقابلے میں ہیں جبکہ 7وارڈوں میں کسی بھی امیدوار نے نامزدگی فارم نہیں بھر ا۔اسی طرح دیوسر میونسپل کمیٹی کے8وارڑ میں 9امیدوار و ں نے نامزدگی فارم جمع کئے اورتقریباً سبھی وارڈ میں یہاں ایک ایک امیدوارکھڑا ہے ۔اننت ناگ ضلع کی تین میونسپل کمیٹیوں قاضی گنڈ ،اچھہ بل اور کوکرناگ بھی پہلے مرحلے میں انتخابی عمل سے گذریں گی ۔قاضی گنڈ کے 7وارڑز میں 6امیدوار مقابلے میں ہیں جبکہ ساتویں وارڑ میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آسکا ہے ۔ادھراچھہ بل میونسپل کمیٹی کے 11وارڈوں میں صرف 9امیدوار چنائولڑرہے ہیں۔کشمیرچھوڑ کرچلے گئے پنڈتوں میں سے ریشب بالی نامی ایک امیدوار بھی چنائولڑنے والے امیدواروں میں شامل ہے۔حکام کے مطابق بی جے پی سے وابستہ ریشب نے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ککرناگ میونسپل کمیٹی کے13 وارڈوں کیلئے 20 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔کاغذات کی جانچ پڑتال آج ہوگی اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ28ستمبر ہے۔ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے اکثر امیدواروں کا تعلق بھاجپایاکانگریس سے ہے۔حکام کے مطابق اکثر میونسپل حلقوں میں صرف ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر بلا مقابلہ کامیاب بھی ہوگا۔