سرینگر//بھیڑ و پشو پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں ویٹر نری ادویات اور ویکسین کی حصولیابی کے عمل کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر اور دیگر محکموں کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ لائیو سٹاک فارمرس ، ڈیری فارمرس ، پولٹری فارمرس اور شیپ بریڈرس کے نمائیندوں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مذکورہ کسانوں نے پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی کہ انیمل اینڈ شیپ ہسبنڈری محکمے میں مختلف ویٹر نری ادویات کی کافی قلت پائی جاتی ہے جس کے نتیجے میں انہیں یہ ادویات بازار سے مہنگے داموں خریدنا پڑتی ہیں ۔ کسانوں کی بہبود کو محکمے کا بنیادی مقصد قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر سامون نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ادویات کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ لیبارٹری جانچ کے بعد کسانوں میں ادویات اور ویکسین تقسیم کی جانی چاہئیں ۔ میٹنگ میں ویٹر نری ادویات کی ھصولیابی کے عمل کا تفصیلی جائیزہ لیا گیا اور اس عمل میں مزید شفافیت لانے کی ہدایات دی گئیں ۔