کوچی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ بی جے پی معاشرہ کے صرف ایک طبقہ کو ہی قبول کرنے والی یا تنگ نظر پارٹی نہیں ہے ۔سنگھ نے کیرالہ ریاستی بی جے پی ایکزیکیوٹیو کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انکی پارٹی کا ہمیشہ سے ماننا رہا ہے کہ 'پوری دنیا ایک ہی خاندان' ہے اور اس لئے پارٹی ملک میں سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لیکر چلنے کی اہل ہے ۔انہوں نے بی جے پی کو سیکولر اور جمہوری نظریات والی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندستان ہی پوری دنیا میں ایک ایسا ملک ہے ، جہاں تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے ہندستان کی برسوں پرانی ثقافت اور روایت کو برقرار رکھے جانے کا ذکر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اسلام کے 73 فرقہ کے لوگ اسلامی ممالک میں ہی ملکر نہیں رہ سکتے بلکہ ہندستان میں بھی تمام 73مسلم فرقہ کے لوگ آزادی او رہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں۔ عیسائیوں کے سلسلہ میں بھی انہوں نے کہا کہ اس فرقہ کے لوگوں کو بھی ملک میں ایسی ہی آزادی اور احترام حاصل ہے ۔کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے ذریعہ رافیل معاملہ کو بی جے پی اور نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے خلاف ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کئے جانے پر مسٹر سنگھ نے ان کا(مسٹر گاندھی ) مذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ ہر کوئی جانتا ہے کہ رافیل کیا ہے ۔ سب جانتے ہیں کہ رافیل کے پہلے دو الفاظ 'را' ایک سیاستداں ہے اور'فیل' اس لیڈر کی ہمیشہ ناکامی کا اظہار کرتا ہے ۔مسٹر گاندھی کے ذریعہ وزیراعظم پر کئے جارہے زبانی حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہاکہ وزیراعظم کے خلاف توہین آمیز تبصرہ ہمارے ملک کے لئے شرم کی بات ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس لیڈر کو سمجھنا چاہئے کہ مسٹر مودی کی شبیہ ایک ایسے لیڈر کی ہے جو ملک کے حکمراں بھی ہیں ۔روہنگیا مسلمانوں کے سلسلہ میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیا ہے ۔یوا ین آئی