پستول بھی غائب، مفرور اہلکار کی اطلاع دینے والے کو2لاکھ کا انعام،شہر میں ریڈ الرٹ
سرینگر+شوپیان // ممبر قانون ساز اسمبلی وچی شوپیان کی سرکاری رہائش گاہ واقع جواہر نگر سرینگرمیں تعینات سپیشل پولیس آفیسر(ایس پی او) ایک ڈرامائی کارروائی کرتے ہوئے 7رائفلیں، ایک پستول اور 20میگزین اڑا کر فرار ہوگیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے سرینگر اور جنوبی کشمیر کے درمیان تمام راستوں پر ناکے لگائے اور بڑے پیمانے پر مذکورہ ایس پی او کو تلاش کرنے کی کارروائیاں شروع کردیں۔پولیس سربراہ نے ایس پی او کی معلومات فراہم کرنے والے شخص کیلئے 2لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ عادل بشیر شیخ نمبر 488/SPO ولد بشیر احمد شیخ ساکن زینہ پورہ شوپیان 11مارچ 2017کو بطور ایس پی او بھرتی کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 4دسمبر 1994 میں پیدا ہوئے 24 سالہ عادل بشیر کافی عرصہ سے پی ڈی پی رکن قانون ساز اسمبلی وچی اعجاز احمد میر کی سرکاری رہائش گاہ جواہر نگر کوارٹر نمبر J-11 میں تعینات تھا ۔بتایا جاتا ہے کہ عادل بشیر ایم ایل اے کیلئے باروچی کے طور پر بھی کام کرتا رہا ہے۔عادل بشیر نے جمعہ کی شام نماز مغرب کے موقعہ پر سرکاری کوارٹر پر تعینات پولیس اہلکاروں کی 7رائفلیں اور ایک پستول اڑانے میں کامیابی حاصل کرلی اوروہاں سے فرار ہوگیا۔واقعہ کی خبر ملتے ہی راجباغ پولیس سٹیشن سے وابستہ اہلکار یہاں پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت ممبر اسمبلی یہاں موجود نہیں تھا بلکہ وہ جموں گیا ہوا تھا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سرینگر میں ہائی الرٹ کیا ،جبکہ جنوبی کشمیر کیلئے جانے والے راستوں پر پولیس اور فورسز نے ناکے لگائے گئے ،جس کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ اور جامعہ تلاشی لیجاتی رہیں۔اس ضمن میں راجباغ پولیس سٹیشن میں کیس زیر نمبر57/2018درج کرلیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سیکورٹی اور امن و قانون منیر احمد خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ جواہر نگر میں ایسا واقعے پیش آیا ،جس کے دوران ایک اہلکار AK-47رائفلیں اور ایک پستول لیکر فرار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے ایس پی او کے بارے میں اطلاع دینے والے کو 2لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔
کیا واقعہ جمعہ کو پیش آیا یا 10روز پہلے ؟ پولیس تحقیقات میں جٹ گئی
نیوز ڈیسک
سرینگر //ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل پرے نے کہا کہ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے کہ یہ واقعہ 10روز پہلے پیش آیا، یا جمعہ کی شام کو۔انہوں نے کہا کہ رہائش گاہ کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار چھٹی لیکر گھر گیا تھا اور وہ 10روز بعد ڈیوٹی پر آیا جس کے دوران اس نے اپنی سروس رائفل گارڈ روم میں نہیں پائی۔ مذکورہ پولیس اہلکار نے اس بارے میں ممبر اسمبلی کو مطلع کیا جو اتفاقاً پچھلے 10روز سے جموں میں مقیم ہیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ ممبر اسمبلی نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اعلیٰ حکام یہاں پہنچ گئے۔انکا کہنا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور پولیس تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔