اننت ناگ //بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ ،اچھہ بل اور کوکرناگ میونسپل کمیٹیوں کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روز اچھہ بل میں کانگریس کے 2 جبکہ قاضی گنڈ میں4 امیدواروں نے نام واپس لئے۔قاضی گنڈ میں بی جے پی اور آزادامیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیتے ہوئے کہا کہ وہ ان انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہتے ہیں۔انہوں نے نہ صرف کاغذات نامزدگی واپس لئے بلکہ انہوں نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کو غلط قرار دیکر جامع مسجد قاضی گنڈ میں جمعہ کے موقعہ پر قوم سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ لو گ نہیں چاہتے ہیں کہ ہم اپنے جان کو خطرے میں ڈالیں کیونکہ جنگجوئوں کی جانب سے پہلے ہی بلدیاتی و پنچایتی انتخابات سے دور رہنے کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنیئر لیڈر ویر صراف نے پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قاضی گنڈ میں پارٹی کے 3امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں کل 7واڑ ہیں اور پارٹی کی جانب سے 5 وارڑوں میں امیدوار کھڑے کئے گئے تھے جن میں سے ایک وارڑ میں امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لئے تاہم باقی چار وارڑوں میں امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار دیئے گئے ہیں ۔