پلوامہ+اننت ناگ //سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے سامبورہ،کریم آباد، بنڈینہ سمیت متعدد علاقوں میں تازہ گرفتاریاں عمل میں لاکر13 نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔50 آرآراور پولیس ٹاسک فورس پانپور نے دوران شب سانبورہ میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔مقامی لوگوں نے گرفتار نوجوانوں کی شناخت عاقب یوسف ریشی اور تنویر شفیع وانی کے بطور ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں جرم بے گناہی کی پاداش میں گرفتار کرلیاگیا۔ فورسز نے پلوامہ کے کریم آباد گائوں میں دوران شب مزید دو نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔ ماجد احد بٹ اور منظور علی پنڈت کو حراست میں لیا گیا۔اس سے دو روز قبل اسی گائوں میں قریب 10نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جن میں جنگجوئوں کے 3رشتہ دار بھی شامل ہیں۔پولیس ٹاسک فورس اونتی پورہ نے دوران شب پلوامہ کے ہی بنڈینہ علاقے میں چھاپے مار کر کم از کم تین نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پلوامہ کے گڈورہ نامی دیہات میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا جنہیں بعد میں پولیس سٹیشن کاکاپورہ میں مقید کردیا گیا۔ پلوامہ کے چندگام اور قوئل میں بھی چار نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان امن وسلامتی کو درہم برہم کرنے میں ملوث ہیں۔ادھر فسٹ آر آر ،ایس او جی و سی آر پی اہلکاروں نے لالچوک اننت ناگ و اسکے مضافاتی بستی کو محاصرہ میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن کیا ۔ انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں جنگجوئوں کا ایک گروپ موجود ہے ۔ جوہنی قصبہ میں کریک ڈائون کی خبر پھیلی تو نوجوانوں کی ٹولیاں مختلف سمت سے سڑکوں پر نمودار ہوئیں او ر آپریشن میں رخنہ ڈالتے ہوئے فورسز اہلکاروں پر خشت باری کی ۔سنگ باری کے واقعات قصبہ کے لالچوک،مٹن اڈہ و جنگلات منڈی میں پیش آ ئے۔ فورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے،اور یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔پتھرائو وشلنگ کے سبب قصبہ میں افراتفری مچ گئی جبکہ کئی دکانداروں نے دکانوں کے شٹر نیچے گرائے۔