سری نگر//گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے کل کہا کہ ماحول دوست مہم جو سیاحت کو مؤثر طریقے پر ترقی دینے کی اشد ضرورت ہے۔اِن باتوں کا اظہار مشیر موصوف نے سیاحتی سیکٹر میں جاری ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لینے کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ کے دوران خورشید گنائی نے کہا کہ گورنر انتظامیہ ریاست میں سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کر رہی ہے تاکہ سیاحتی صنعت کو بڑھاوا ملے تاہم انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے دوران ریاست کے قدرتی ماحول اور جنگلی جانوروں کا تحفظ کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ سیاحت کے سیکرٹری نے محکمہ سیاحت کی طرف سے مہم جو رہنما خطوط کے مسودے کی تفصیلات پیش کیںتاکہ عوامی رائے حاصل کی جاسکے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سیاحتی سیکٹر کے تحت مختلف سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے 2000کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جنہیں اگلے پانچ برسوں کے دوران صرف کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں اس مقصد کے لئے 400کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے جبکہ دوسرے مرحلے کے 400کروڑ روپے کی تجویز کو مرکزی سرکار کی منظوری بھیج دیا گیا ہے۔ میٹنگ میں سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی آصف حمید خان، ایم ڈی جے کے کیبل کارکارپوریشن شمیم ملک ، ایم ڈی گالف ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ غالب محمد ، سیکرٹر ی گالف ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ نزہت گل ، ڈائریکٹر جموں اوم پرکاش ، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر تصدق جیلانی، ڈائریکٹر پلاننگ پرویز ککرو ، ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے سی ای اوز اور دیگر افسران موجود تھے۔