نئی دہلی//کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل لڑاکا طیارے سودے کے معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ملک کے وزیر اعظم بدعنوان ہیں اور وہ دفاعی سودے میں ہونے والی بدعنوانی میں سیدھے طور پر ملوث ہیں لہذا انہیں استعفی دے دینا چاہئے ۔مسٹر گاندھی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا "رافیل خریداری میں بڑا کرپشن ہوا ہے ۔ پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی سے اس کی جانچ کرائی جانی چاہئے ۔ تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ اس میں وزیر اعظم نے سیدھے سیدھے بدعنوانی کی ہے اور ان کی بھی جانچ ہونی چاہئے ''۔کانگریس صدر نے کہا کہ رافیل خریداری میں جس طرح سے پبلک سیکٹر کی کمپنی ایچ اے ایل سے ٹھیکہ چھین کر کر صنعتکار انیل امبانی کی کمپنی کو یہ کام دیا گیا ہے اس سے صاف ہے کہ خود کو ملک کا چوکیدار بتانے والے مسٹر مودی انل امبانی کے چوکیدار ہیں ۔ یہ براہ راست بدعنوانی کا معاملہ ہے اور مسٹر مودی نے یہ کرپشن کیا ہے لہذا انہیں اس بارے میں جواب دینا چاہیے یا پھر وہ استعفی دیں۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ رافیل سودے میں ہونے والی بدعنوانی میں وزیراعظم شامل ہیں۔ اس بات کی شواہد فرانس سے مل رہے ہیں۔ پہلے فرانس کے سابق صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ انل امبانی کی کمپنی کو کام دینے کے لئے ہندوستانی حکومت نے کہا تھا اور اب رافیل طیارے بنانے والی کمپنی بھی یہی بات کہہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رافیل طیارہ ساز فرانسیسی کمپنی ڈیسالٹ کے اندرونی دستاویزات اس کی وضاحت ہے کہ ہندوستان کی جانب سے رافیل کا کام ایچ اے ایل سے ہٹاکر ریلائنس کو دینے کے لئے کہا گیا تھا۔