نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے خاندان کو 'میڈل مین'کا خاندان بتاتے ہوئے آج کہا کہ گاندھی خاندان سپریم کورٹ ،فضائیہ کے سربراہ اور ملک کے اداروں پر یقین نہیں کرتا اور جھوٹ کے سہارے اپنی سیاست چمکانے اور ملک کی سکیورٹی کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں لگا ہے ۔بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر سمبت پاترا نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی کو 'مسخرا بادشاہ 'کی صفت سے متصف کرتے ہوئے کہا،''بچپن سے مسٹر گاندھی نے 'میڈیل مین' کی ثقافت دیکھی ہے اس لئے وہ اس سے باہرنہیں آپارہے ہیں۔ان کے والد مسٹر راجیو گاندھی 70 کی دہائی میں ایک دفاعی سودے میں سرکاری طورپر 'میڈیل مین'تھے ۔اس لئے وہ 'میڈیل مین شپ'سے واقف ہیں۔اس کے لئے وہ قومی سکیورٹی کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں۔انہو ں نے مسٹر گاندھی کو چیلنج کیا کہ وہ وزیراعظم نریندرمودی پر بدعنوانی کا الزام ثابت کرنے کے لئے سپریم کورت جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی کبھی مرکزی ویجیلینس کمیشن جاتے ہیں اور کبھی کمپوٹرولر اور آڈیٹر جنرل کے پاس جاتے ہیں،لیکن وہ سپریم کورٹ کیوں نہیں جاتے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے ایک ساتھی نے عدالت میں مفاد عامہ کی عرضی داخل کی تھی لیکن پارٹی کے اشارے پر اسے واپس لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی جھوٹ اور فریب پر سیاست کی عمارت بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔سپریم کورٹ میں کانگریس کے لوگوں نے ایک پی آئی ایل یعنی مفاد عامہ کی عرضی داخل کی تھی،جس میں حکومت کو رافیل سودا مسترد کرنے اور اس کی قیمت کی تکنیکی تفصیل دینے کی ہدایت دینے کے دو مطالبے کئے گئے تھے لیکن عدالت نے دونوں ہی ہدایات نہیں دیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں فضائیہ کے سربراہ نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ رافیل گیم چینجر ہے ۔