سرینگر// سکالر منان وانی کی ہلاکت کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر وادی کے یمین و یسار میں مکمل ہڑتال سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ اس دوران منان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ کئی جگہوں پر ادا کی گئی، پائین شہر میں پابندیوں کے بیچ سنگبازی، پیلٹ و ٹیر گیس شلنگ ہوئی۔وادی میں دوسرے روز بھی انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل رہی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر ایک بار پھر روک لگا دی گئی۔
ہڑتال
مشترکہ قیادت کی طرف سے ہلاکتوں کیخلاف دی گئی ہڑتال کال سے جنوب و شمال میں عام زندگی کی نبض تھم گئی۔ہڑتال سے جہاں دکان اور کاروباری اداروں کے علاوہ تجارتی مراکز مقفل رہے وہیں مسافر گاڑیوں کا پہیہ بھی جام رہا۔تاہم صرف نجی گاڑیاں سڑکوں پر حرکت کرتی ہوئیں نظر آئیں۔ہمہ گیر ہڑتال سے سرینگر کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع اور تحاصیل صدر مقامات میں تمام طرح کی دکانیں ،کاروباری ادارے، بازار،بینک او رغیر سرکاری دفاتر بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا۔شہر میںہڑتال سے ہر قسم کی سرگر میاں متاثر رہیں۔ڈائون ٹاون کے5 تھانوں نوہٹہ،صفا کدل،ر عناواری، خانیار اور مہاراج گنج میں سخت ترین بندشیں عائد کی گئیں اور جامع مسجد سرینگر کو مقفل کیا گیا۔ لبریشن فرنٹ نے مدینہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔بڈگام کے بیروہ، خان صاحب،چرار شریف، ماگام، کنی پورہ، چاڈورہ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی۔ گاندربل اور کنگن میں کاروباری ادارے اور ٹریفک بند رہی ۔اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ، آرونی،سنگم، کھنہ بل، دیلگام، مٹن، سیر ہمدان،کوکر ناگ، ڈورو، ویری ناگ ، قاضی گنڈ اوروائلو سمیت دیگر علاقوں میں مثالی ہڑتال دیکھنے کو ملی ۔پلوامہ کے کئی علاقوں میں بندشوں اور قدغنوں کے بیچ مکمل ہڑتال کی گئی،جبکہ ضلع کے پانپور، ترال،نیوہ، کاکہ پورہ،اونتی پورہ اور دیگر علاقوں میں بھی مکمل ہڑتال سے زندگی کی رفتار تھم گئی۔شوپیاں میں مکمل ہڑتال کے بیچ ہواور کشیدگی کا ماحول رہا۔کولگام کے محمد پورہ،نیلوہ،فرصل،اوکے،دمحال ہانجی پورہ ،کھڈونی، ریڈونی،پہلو،کھڈونی،کیموہ سمیت دیگر علاقوں میں ہڑتال کی وجہ سے عام زندگی کا کاروبار اتھل پتھل ہوکر رہ گئی۔بارہمولہ میں ہڑتال کے دوران تمام بازار اور کاروباری و تجارتی مرکز بند رہیں،جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہیں۔ سوپور میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی جس کے دوران عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔پٹن،پلہالن،رفیع آباد، شیر ی ، بو نیا ر ، ٹنگمرگ، چندی لورہ،درورو،ریرم ،کنزر،دھوبی وان، چیچلور میں بھی مکمل ہڑتال سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں بھی مکمل ہڑتال رہی،اور اس دوران لنگیٹ،ترہگام،لعل پورہ،کرالہ پورہ سمیت دیگر علاقوں میں اضافی فورسز و پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔عازم جان کے مطابق بانڈی پورہ ضلع میں مکمل ہڑتال رہی ۔ سرکاری دفاتر میں حاضری نہیں تھی جبکہ منی سیکٹرٹریٹ میں ضلع افسران بھی موجود نہیں تھے اور کرسیاں خالی پڑی تھیں۔ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہی ، البتہ اکا دکا چھوٹی گاڑیاں دوڑتی نظر آئیں۔ حاجن، اجس، سمبل، نائدکھے، کلوسہ، آلوسہ، وٹہ پورہ ،اشٹنگو، پاپہ چھن، سنروانی، شاہ گنڈ میں مکمل طور پر ہڑتال رہی ۔ادھر محمد تسکین کے مطابققصبہ بانہال میں بھی ڈاکٹر منان اور اُسکے ساتھی کی یاد میں تعزیتی ہڑتال رہی ۔ تعزیتی ہڑتال کے سبب کاروباری اور عام معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے ۔ بانہال کے ساتھ ساتھ گنڈاکوٹ ،چارلی ،ٹھاٹھر اور نوگام بازار بھی بند رہے ۔
غائبانہ نماز جنازہ واحتجاج
ہڑتال کے دوران کئی علاقوں میں احتجاجی جلوس برآمد ہوئے اور پر تشدد واقعات پیش آئے۔ نماز جمعہ کے بعد صورہ علاقے میں لوگ جمع ہوئے اور منان وانی کے حق میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔اس دوران سرینگر کے لسجن علاقے میں بھی نماز جمعہ کے بعد سینکڑوں لوگ مقامی میدان میں جمع ہوئے اور منان وانی کے حق میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔بیروہ میں بھی نماز جمعہ کے بعد لوگ جامع مسجد کے نزدیک جمع ہوئے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کر کے پرامن طور پر منتشر ہوئے۔اننت ناگ میں نماز جمعہ کے بعد لوگ جمع ہوئے اور جلوس نکالے۔ چھی اننت ناگ و شیر باغ پارک میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ اشاجی پورہ ،کھنہ بل و دیالگام میں سنگ بازی کے واقعات پیش آئے ۔فورسز اہلکاروں نے اشاجی پورہ کے نزدیک پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے والے تین صحافیوں ،فیاض لولو،دین عمران اور جنید لولو کو فورسز نے زد کوب کیا جس کے سبب فیاض کو شدید چوٹیں آئیں ۔اننت ناگ ورکنگ جرنسلٹ ایسوسیشن نے واقع کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معاملہ کی نسبت صدر تھانہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کیس درج کیا ۔سرینگر کے صورہ علاقے میں نماز جمعہ کے بعد نوجوان جمع ہوئے اور منان وانی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کرنے لگے۔اس موقعہ پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس داغے اور پیلٹ کا استعمال کیا ۔ادھر ماچھواہ علاقے میں بھی نماز جمعہ کے بعد سنگبازی کا معمولی واقعہ پیش آیا۔
ریل سروس معطل
وادی میں ایک بار پھر ریل سروس معطل رکھی گئی۔جمعہ کو بانہال سے بارہمولہ تک چلنے والی ریل سروس کو معطل کیا گیا۔ادھر سرینگر شہر میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار بدستور کم رکھی گئی جبکہ جنوبی اور شمالی کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بند رہی۔